قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دین و شریعت کے احکام کی تکمیل کی جائے: مولانا ارشد مدنی

نئی دہلی: روزبروز کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملوں کو دیکھتے ہوئے صدر جمعیة علماءہند مولانا ارشد مدنی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مسجدوں میں یا گھروں میں وزارتِ صحت کی طرف سے دی گئی گائیڈ لائن کو سامنے رکھتے ہوئے عیدالاضحی کی نماز ادا کریں۔ زیادہ بہتر ہے کہ سورج نکلنے کے بیس منٹ کے بعد مختصر طریقہ پر نماز و خطبہ ادا کرکے قربانی کرلی جائے اور آلائش کو اس طرح دفن کیا جائے کہ اس سے تعفن ( بدبو) نہ پھیلے۔مولانا مدنی نے ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر مسلمانوںسے یہ اپیل بھی کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دین وشریعت پر ضرور عمل کریں ۔انہوںنے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے سے میڈیا اور خاص طور پر شوشل میڈیامیں قربانی کے حوالے سے منفی تبصرے اور گمراہ کن پروپیگنڈے ہورہے ہیں،ہمیںان پر توجہ دینے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔اسلام میں قربانی کا کوئی بدل نہیں ہے یہ ایک مذہبی فریضہ ہے جس کی ادائیگی ہر صاحب حیثیت مسلمان پرواجب ہے،اس لئے جس پر قربانی واجب ہے اسے ہرحال میں یہ فریضہ ادا کرنا چاہیے ۔تاہم کورونا وائرس کے خطرات کو دیکھتے ہوئے وزارت صحت اور ضلع انتظامیہ کی گائڈ لائن اور ہدایات کو ملحوظ خاطر رکھ کر اس فرض کی ادائیگی کی جانی چاہیے۔


انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ جس جگہ قربانی ہوتی آئی ہے اور فی الحال وہاں بھی بڑے جانور کی قربانی میں کسی طرح کی دشواری ہو تو وہاں کم سے کم بکرے کی قربانی ضرور کی جائے اور انتظامیہ کے دفتر میں باضابطہ طور پر اس کا اندراج کرایا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔چنانچہ ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عید الاضحی کے موقع پر حسب روایت قربانی ضرور کرنی چاہیے۔مولانا مدنی نے موجودہ وبائی صورتحال کے پیش نظر یہ اہم مشورہ بھی دیا کہ قربانی کے دوران تمام احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھا جائے،سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے باہمی میل جول اور بھیڑ اکٹھا کرنے سے بچا جائے،راستوں اور گزرگاہوں پر قربانی نہ کی جائے،خون،فضلات اور زائد اجزاءکو کہیں پھینکنے کے بجائے دفن کردیا جائے یا انہیں کوڑا کرکٹ متعینہ مقام تک پہنچادیا جائے۔صفائی ستھرائی کا پورا پورا خیال رکھا جائے،انہوںنے یہ بھی کہا کہ قربانی کے دوران اس بات کا بھی لحاظ رکھا جائے کہ ہمارے اس عمل سے کسی دوسرے کوپریشانی نہ ہو اور نہ ہی کسی کی دل آزاری کا سبب بنے۔اخیر میں انہوں نے کہا کہ ممنوعہ جانور وں کی قربانی سے احتراز کریں چوں کہ مذہب میں اس بدلے میں کالے جانوروں کی قربانی جائز ہے اس لئے کسی بھی فتنے سے بچنے کے لئے ان کی قربانی پراکتفاءکیا جانا بہتر ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ اگر کسی جگہ فرقہ پرست عناصر کالے جانور کی قربانی سے بھی روکتے ہیں تو کچھ سمجھداراور بااثر لوگوں کے ذریعے انتظامیہ کو اعتماد میں لے کر قربانی کے فریضے کی ادائیگی کی جائے،اور اگر خدانخواستہ اس کے بعد بھی اس مذہبی فریضے کی ادائیگی کا راستہ نہیں نکلتا تو جس قریبی آبادی میں کوئی دشواری نہ ہو وہاں قربانی کرادی جائے۔۔