ہندوستان میں اردوزبان کامستقبل ہمیشہ تابناک رہے گا:پریم کانت تیواری
’ہندستان میں اردو زبان کا مستقبل ‘کے موضوع پرآل انڈیا علما بورڈکے زیراہتمام سیمنار کاانعقاد
لکھنو: آل انڈیا علما بورڈ کے زیراہتمام اردواکادمی گومتی نگر اڈیٹوریم میں ’ہندستان میں اردو زبان کا مستقبل ‘کے موضوع پر ایک سیمنار کاانعقاد کیا گیا ،اس دوران الگ الگ میدانوں میںعمدہ اور نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزاز سے سرفراز کیا گیا ۔خاص کرسماجی خدمات کے لئے شفاعت حسین کو’ویر ساورکر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا اورصحافت کے میدان میں کام کررہے ضرغام الدین خان کوعبدالباقی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
اس موقع پرمہمان خصوصی کے طور پر’ہندی روزنامہ ہندستان ‘کے سابق سب ایڈیٹرپریم کانت تیواری نے خطاب کرتے ہوئے برجستہ طور پر کہا کہ ہندوستان میں اردوزبان کامستقبل ہمیشہ تابناک رہے گا، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے ہندی اور اردو کو جڑواں بہنیں قرار دیتے ہوئے کہاکہ اب اردو داں طبقہ کم نہیں ہورہا ہے بلکہ بڑھ رہا ہے اور بڑھتا ہی جارہا ہے ،مسٹر تیواری نے کہا کہ اردو زبان بہت ہی شیریں زبان ہے اسے صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ بڑی تعداد میں ہندو بھی قاری ہیں جیسا کہ میں خود ہوں۔انہوں نے کہا کہ نہ تو ہندی کو اردو سے الگ کرسکتے ہیں اور نہ ہی اردو کو ہندی سے الگ کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ فخرالدین علی احمد میموریل کمیٹی کے چیرمین تورج زیدی نے بھی پروگرام کو خطاب کیااوراردو کے فروغ کے لئے کمیٹی نے ابتک کیاکیا قدم اٹھائے ہیں تفصیل سے روشنی ڈالی ۔پروگرام میں اقلیتی کمیشن کے چیرمین اشفاق سیفی ،اردواکادمی کے ممبر ندیم اختر،ڈاکٹر شاداب عالم،حج کمیٹی کے ممبرسرفراز علی اور مدرسہ بورڈ کے رکن ناصر حسین نے شرکت کی ۔
آل انڈیا علما بورڈخواتین ونگ کی قومی صدر شبانہ کھنڈیلوال نے بورڈ کے اغراض ومقاصد کوبتاتے ہوئے کہاکہ بورڈ تعلیمی میدان میں کام کرنے کے علاوہ سبھی زبانوں پر کام کرنے کیساتھ لوگوں کے دلوں کو جوڑنے کا کام کررہا ہے ۔ وہیں درخشاں تاجور اور سپنا احساس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل جولوگ اردو کے لئے کام کررہے ہیں انہیں سراہنے کے بجائے ان کی تنقید کی جاتی ہے مگر پھر بھی اردوزبان کا وقار بلند وبالا ہی رہے گا۔
سیمنار کے کنوینر اور آل انڈیا علما بورڈ کے تنظیمی امور کے قومی جنرل سکریٹری راشد نسیم ایڈوکیٹ نے کہا کہ اردوزبان نے ہی ہمیں ادب سکھایا ہے اس لئے جولوگ اردوسے فائدہ اٹھاررہے ہیں انہیں اس کے فروغ کے لئے ہرممکن کوشش کرنی چاہئے۔پروگرام میں خاص طور سے بورڈ کی سکریٹری رینی رضوی،بورڈ کے نائب صدر سید اکبر علی ،اردواکادمی راجستھان کی سابق رکن آصفہ علی ،مدھیہ پردیش کے میڈٰا ونگ کے ریاستی صدرشہباز خان ، خاتون وینگ کی قومی سکریٹری مسکان شیخ ۔ڈاکٹر ببیتا،مفتی راشد قادری ،ایوب سیفی ،اظہر عمری،خاروہاشمی ،قومی صلاح کار شمس الدین خان ،فیضان احمد ،مون کانگریس لیڈر شانو نے شرکت کی۔