جمعیۃ علماء ہند دہلی فساد متاثرین کی بازآبادکاری میں سرگرم عمل

نئی دہلی : شمال مشرقی دہلی میں ہوئے فساد کو چار ماہ گزرگئے ہیں لیکن متاثرہ علاقوں کی خستہ حالی کااب بھی مشاہدہ کیا جاسکتاہے، جمعیۃ علماء ہند صوبہ دہلی کی ریلیف ٹیم مولانا ارشد مدنی صدرجمعیۃعلماء ہند کی ہدایت پر بے گھر ہوئے متاثرین کی بازآبادکاری میں مسلسل سرگرم عمل ہے،لوک ڈاؤن کے دوران تعمیری اوربازآبادکاری کا کام اگرچہ موقوف کردیا گیا تھا لیکن ریلیف کے کام کو وسیع پیمانہ پردہلی واطراف دہلی میں انجام دیا جارہا تھا، جمعیۃعلماء صوبہ دہلی کی ریلیف ٹیم مرکزی جمعیۃ علماء ہندکی نگرانی میں بلا تفریق مذہب وملت ہزاروں خاندانوں تک راشن ونقدی کی شکل میں ایک خطیر رقم ضرورتمندوں تک پہنچاچکی ہے۔ جمعیۃ علماء ہند صوبہ دہلی کی ریلیف ٹیم مفتی عبدالرازق مظاہری ناظم اعلیٰ جمعیۃعلماء صوبہ دہلی کی سربراہی پہلے ہی دن سے پوری تندہی سے انجام دے رہی ہیں، پہلے سے طے شدہ سروے کہ مطابق اب متاثرہ علاقوں میں بے گھرہوئے لوگوں کی بازآبادکاری کے کام کوپائے تکمیل تک پہنچایاجارہاہے۔ نذر آتش کئے گئے مکانات،دوکانیں اور مساجد کی مرمت وتعمیر کا کام بڑے پیمانہ پر انجام دیا جارہا ہے،پہلے مرحلہ کہ طور کچھ مکانات کی تعمیر کا کام مکمل بھی ہوگیا ہے جبکہ بڑے پیمانے پر تعمیراتی کام چل رہاہے کھجوری خاص کی فاطمہ مسجد کا کام بھی آخری مرحلے میں ہے اور یہاں پر مخدوش مکانات کی تعمیر کا کام بھی جنگی پیمانے پر چل رہا ہے جو ان شاء اللہ برسات کا موسم شروع ہونے سے پہلے پہلے متاثرین کے حوالہ کردیا جائیگا، جمعیۃعلماء صوبہ دہلی متاثرین کو قانونی مدد بھی فراہم کررہی ہے تاکہ فساد میں ملوث گنہگاروں کو کیفرکردار تک پہنچایاجاسکے اور بے قصوراورمظلوم لوگوں کو انصاف مل سکے، ریلیف ٹیم میں مفتی عبدالرازق ناظم اعلیٰ جمعیۃعلماء صوبہ دہلی کے علاوہ قاری محمد ساجد فیضی ناظم جمعیۃ علماء صوبہ دہلی، قاری دلشاد قمر مظاہری نائب صدرجمعیۃ علماء دہلی، قاری اسرار الحق قاسمی رکن عاملہ دہلی اور ڈاکٹر رضاء الدین شمس رکن ددہلی جمعیۃ شامل ہیں۔