روزہ قرب خداواندی ‘اور حصولِ جنت کا بہترین ذریعہ
دبئی میں منعقد ہ وطنی الامارت فائونڈیشن سے ڈاکٹرعبد الحکیم ازہری کا خطاب
کالی کٹ(عبدالکریم امجدی ) رمضان المبارک وہ مقدس مہینہ ہے ،جس میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں،برکتوں،نعمتوں،سعادتوںاور انوار تجلیات کا نزول ہمہ وقت ہوتا ہے ۔روزہ اسلام کا تیسرا بنیادی رکن اور اہم ترین عبادات میں سے ایک ہے ،روزہ سے ہی انسان میں محکم ارادے اور پختہ عزم کی نشوونماہوتی ہے ۔مذکورہ خیالات کا اظہار کالی کٹ مرکز نالج سٹی منیجنگ ڈائیرکٹر اور جامعہ مرکز الثقافۃ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے دبئی میں منعقد ہ رمضان تقریب سے کیا ۔انہوں نے کہاکہ روزہ قرب خداوندی اور حصول جنت کا بہترین ذریعہ ہے ۔ماہ رمضان میں پیغمبر اسلام کی زندگی کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے کہاکہ پیغمبر اسلام نے ماہ رمضان میںزندگی کا بہترین نمونہ پیش کیا ہے ۔حالت روزہ میں بھی خدمت انسانیت روز مرہ زندگی کے امور انجام دیتے ،انہوں نے کہاکہ ماہ صیام میں غریبوں،بے سہاروں کو کھانا کھلانا،سماجی فلاحی کاموں شامل ہونا آقائے نعمت کے معمولات میں سے ہے ۔ڈاکٹر ازہری نے کہاکہ رمضان کا مقدس مہینہ ہمیشہ ایک مومن کوسنت رسول عمل کرنے کا وقت ہے ۔روزہ میں مومن کیلئے سنتوں پر عمل کرنے کا درس ملتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ روزہ کا مقصد انسان کو پرہیز گار اور متقی بنانا ہے ۔ماہ رمضان المبارک دنیائے انسانیت کیلئے سایہ رحمت ہے ،مسلمانوں کو اس ماہ میں عبادت وریاضت کی کثرت کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ اہل ثروت غریبوں ،مسکینوں کا خاص خیال رکھیں ،انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں ۔ماہ صیام کا پیغام غمگساری ،صبروتحمل ہے ۔