توہین رسالت کسی حالت میں برداشت نہیں:مولانا محمد اعظم حشمتی
ملہور؍لکھنؤ: فرانس کے گستاخانہ کارٹونس کی اشاعت اور صدر فرانس ایمانیول میکرون کے ذریعہ توہین رسالت کو لیکر پوری دنیا کے مسلمانوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔آج ملہور میں فرانس کے خلاف پاسبان وطن فاؤنڈیشن کے اہتمام شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر پاسبان وطن فاؤنڈیشن کے صدر مولانا محمد اعظم حشمتی نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پوری دنیا کیلئے رحمت بن کر آئے۔ دیگر مذاہب کا احترام کرنے کی تعلیم دی۔ مخالف اسلام طاقتیں ان کی اہانت کرنے کی کوشش کی ہے۔ مسلمان اس کو بالکل برداشت نہیں کرے گا۔
مولانا نے تمام ہندوستانی مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ فرانس کے اشیاء اور پروڈکٹس کا بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اسلام دشمن ملک ہے اور ہمیشہ سے توہین رسالت کرکے مسلمانوں کی دلآزاری کررہا ہے۔ فرانس نے جو حرکت کی ہے اس سے ہندوستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کی دلآزاری ہوئی ہے۔ مسلمان کسی صورت میں بھی اللہ کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی توہین برداشت نہیں کر سکتے ہیں۔
مولانا نے کہا کہ ہم اپنی جان سے بھی زیادہ اپنے نبی سے محبت کرتے ہیں۔ فرانس کے حکمراں مسلمانوں کے صبر کا امتحان نہ لیں اور بار بار گستاخانہ خاکوں کی اشاعت نہ کریں۔مسلمان تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے لئے اپنی جان بھی قربان کر سکتے ہیں۔مولانا نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کے مذہبی جزبات کو ٹھیس پہونچانا آزادی نہیں ہے،بلکہ یہ جرم ہے۔
مولانا نے کہا کہ آج دنیا بھر میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اور مسلمانوں کی اسی دعوت کو روکنے کے لئے مسلمانوں سے نبی کی محبت کا رشتہ توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جسے ہم کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
احتجاجی مظاہرہ میں محمدمقصود انصاری پردیش کوڈینیٹر کانگریس کمیٹی ،مولانا بدر الدین مصباحی،قاری عبدالرحمن،مولانا ارشاد ثقافی،مولانا محمد عارف،قاری نسیم القادری،قاری روشن نظامی محمد ایوب،احمدرضاسمیت ملہور وقرب جوار کے کثیر تعداد میں نوجوان شریک رہے۔