خلیج تعاون کونسل نے شام کے شہر حلب کے اسپتالوں اور شہری آبادی پر سرکاری فوج کی وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی جرم قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حلب میں شامی فوج نے اسپتال اور شہری آبادی پر وحشیانہ بمباری کی ہے وہ سنگین انسانی اور جنگی جرم ہے۔ اسدی فوج نے اسپتالوں اور عام آبادی پر بمباری کے ذریعے سیکڑوں افراد کو ہلاک اور زخمی کرتے ہوئے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ انسانیت سے مکمل طور پر عاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل حلب میں شامی فوج کی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ حلب میں شامی فوج کی جارحیت کا نوٹس لینے کے لیے بشارالاسد اور ان کی فوج کے خلاف فوری کارروائی شروع کرے۔
ڈاکٹر الزیانی نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل شامی عوام کے ساتھ ہے اور سرکاری فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں جاری انقلاب کی تحریک جلد ثمر آور ثابت ہو گی۔