شام کے سب سے بڑے شہر حلب میں پیرس میں قائم ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم طبیبان ماورائے سرحد (ایم ایس ایف) کے زیر انتظام ایک اسپتال پر فضائی حملے میں کم سے کم تیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایم ایس ایف نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی ہے کہ حلب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں واقع اس اسپتال کی عمارت فضائی حملے میں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔مرنے والوں میں تین ڈاکٹروں سمیت عملے کے ارکان اور مریض شامل ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اسپتال پر فضائی بمباری میں ستائیس افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔حلب کے ایک رضاکار گروپ شہری دفاع نے ہلاکتوں کی تعداد تیس بتائی ہے اور کہا ہے کہ ان میں بچوں کے امراض کےایک ماہر ڈاکٹر سمیت اسپتال کے عملے کے چھے ارکان شامل ہیں۔

ایم ایس ایف نے اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں بتایا ہے کہ مہلوکین میں چودہ مریض اور اسپتال کے عملے کے ارکان شامل ہیں۔اس کے بیان سے عیاں ہے کہ فضائی بمباری میں مرنے والوں میں باقی افراد مریضوں کے لواحقین ہوسکتے ہیں۔فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ فضائی حملہ شامی فوج ،اس کے اتحادی روس کے طیاروں یا امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد کے لڑاکا جیٹ نے کیا ہے۔