مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی زیر سر پرستی اپنے مذہبی تہوار ” پاس اوور “ کے دوران چوتھی مرتبہ مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کیا اور مسلمانوں کو روندتے ہوئے مسجد میں داخل ہوگئے اور اپنی ممنوعہ مذہبی رسومات ادا کیں۔
آرٹی کے مطابق بدھ کو سیکڑوں یہودی شدت پسندوں نے اسرائیلی پولیس کی سخت سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا اور یہودیوں کیلئے ممنوع قرار دی گئی عبادات سرانجام دیں۔ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں یہودی شدت پسندوں نے اپنی پولیس کی مدد سے مسجد اقصیٰ پر حملہ کیا اور اس دوران مسجد کے محافظوں اور وہاں موجود عام لوگوں کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ پاس اوور کا ہفتہ شروع ہونے کے بعد یہ چوتھا موقع ہے جب یہودیوں نے مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کیا ہے ۔
جمعہ کو بھی یہودی شدت پسندوں نے مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کیا اورمسجد میں قربانی کیلئے بکری کا ایک بچہ لے آئے تاہم پولیس کی مداخلت سے وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوپائے۔منگل کو بھی یہودی شدت پسندوں نے مسجد اقصیٰ کے محافظوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور مسجد کا تقدس پامال کیا۔
واضح رہے کہ خدا کی طرف سے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی سرپرستی میں فراعین مصر کی غلامی سے نجات دلانے کی یاد میں یہودی ” پاس اوور“ کا تہوار مناتے ہیں جس کی تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہتی ہیں۔