جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سراج الحق نے اپنے ملک کے انتخابی نظام اور سیاسی جماعتوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
لاہور میں اپنے جماعت کے کارکنوں کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ سراج الحق کا کہنا تھا کہ گذشتہ اڑسٹھ برس سے جمہوریت کے نام پر پاکستانی عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے گینگ بنا رکھے ہیں، جنہیں وہ ٹکٹ دے کر ایوانوں میں بھیجتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو انتخابی کرپشن کا بھی سامنا ہے جس کے نتیجے میں کرپٹ لوگ برسر اقتدار آتے ہیں۔
پنامہ لیکس کے انکشافات کا حوالہ دیتے ہوئے سراج الحق نے الزام لگایا کہ حکمران، ملک سے پیسہ کما کر بیرون ملک لے جاتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے سربراہ نے خود کو احتساب کے لئے پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے اپنی تمام توانائیاں لگا دیں گے۔
انہوں نے کرپشن کے خلاف مہم کو یکم مئی سے تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پنامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے حکومت کے ٹرمز آف ریفرنس کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ پنامہ لیکس کے نام سے مشہور، تحقیقاتی صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹیگیٹیو جرنلسٹس کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ڈیٹا کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم کے بچوں کی آف شور کمپنیوں کا انکشاف کیا گیا تھا۔
پنامہ لیکس میں پاکستان کے بعض دوسرے سیاستدانوں، ان سے وابستہ لوگوں اور کاروباری شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔