اسلامی جمہوریہ ایران اور جنوبی افریقہ نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تعاون کی آٹھ مفاہمتی یادداستوں اور سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق تہران اور پروٹوریا کے درمیان تعاون کی ان یادداشتوں پر دونوں ملکوں کے اعلی حکام نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے صدور بھی موجود تھے۔
ایران اور جنوبی افریقہ نے جن شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ان میں تجارت و صنعت، مشترکہ سرمایہ کاری، پانی کے ذخائر کی مینجمنٹ، انشورنس تعاون، کالا دھن سفید کرنے سے متعلق مالی اطلاعات کے تبادلے، تیل اور پیٹروکیمیکل کی صنعت اور ثقافت و ہنر کے شعبے شامل ہیں۔ ان دستاویزات پر دستخط سے دونوں کے درمیان تعاون کے عمل میں تیزی آئے گی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے صدر کے ہمراہ ایک سو اسی رکنی ایک اعلی رتبہ سیاسی و تجارتی وفد بھی تہران آیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ملک مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے صدر اپنے اس دورے کے دوران صدر مملکت سمیت ایران کے اعلی حکام سے ملاقات کریں گے۔