بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا ہے کہ ایران شامی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا
بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے تہران میں شام کے سفیر سے ملاقات میں کہا کہ ایران ہر اس فارمولے کو مسترد کرتا ہے جو شامی عوام کے مفادات کے خلاف ہو- انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کی ارضی سالمیت، شامی عوام کے حق خود ارادیت اور شام کی قانونی حکومت کی حمایت کرتا ہے-
ڈاکٹر ولایتی نے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے مقابلے میں شام کے عوام اور حکومت کی گذشتہ کئی سال سے جاری دلیرانہ استقامت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی محاذ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ استقامت اورایمان تمام مشکلات اور انتہا پسند، تکفیری اور دہشت گرد گروہوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتا ہے اور بلاشبہ اس راہ میں استقامتی محاذ کو ہی کامیابی نصیب ہو گی-
انہوں نے شام کے حالیہ پارلیمانی انتخابات کو ایک اہم واقعہ قرار دیا اور کہا کہ پارلیمانی الیکشن سے یہ بات ثابت ہو گئی کہ شامی حکومت مضبوط و مستحکم ہے اور وہ عوام کی خواہشات اور ان کے حق کا احترام کرتی ہے-
ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے، جو تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک تحقیقاتی مرکز کے سربراہ بھی ہیں، شام کی قانونی حکومت سے بعض ملکوں کی مخالفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک شامی حکومت کی اس لئے مخالفت کر رہے ہیں کہ شام کی حکومت قانونی ہے اور اسے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے- انہوں نے کہا کہ امریکا اور دہشت گرد گروہوں کی حامی بعض حکومتیں چاہتی ہیں کہ شام میں ایسی حکومت برسر اقتدار آئے جو ان کی آلہ کار ہو، البتہ ان کی یہ خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہو سکے گی- اس ملاقات میں شام کے سفیر نے شامی عوام اور حکومت کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا-