لکھنؤ: محدث اعظم ہندؒ سیدمحمد کچھوچھوی کے دوروزہ عرس کا آغاز 23 اپریل سے کچھوچھوی شریف امبیڈ کر نگر میں منعقد ہوگا۔ عرس کی سرپرستی سجادہ نشین رئیس المحققین امام المتکلمین شیخ الاسلام و المسلمین حضرت علامہ سید محمدمدنی میاں اشرفی جیلانی رسم پرچم کشائی سے کریں گے۔ اس کے بعد اشرفی ترانہ پڑھا جائے گا۔ بعد نماز ظہر موئے مبارک رسول کائنات ﷺ کی زیارت، بعد نماز مغرب حلقہ ذکر نائب سجادہ نشین فاضل بغداد مولانا سید حسن عسکری اشرفی جیلانی کریں گے۔ بعد نماز عشاء ایک جلسہ عمل میں آئے گا۔ اسی طرح 24 اپریل کو صبح نو بجے سے منقبت خوانی ہو گی۔ جس کی صدارت خود شیخ الاسلام کریں گے۔ ا س کے بعدقل ہوگا۔بعد نماز ظہر لنگر کا اہتمام بھی رہے گا۔بعد نماز عشاء ایک اور جلسہ عمل میں آئے گا۔ عرس کے کنوینر سید محمدعربی میاں اشرفی جیلانی کچھوچھوی نے بتایا کہ ہرسال کی طر ح اس سال بھی مزار شریف پر صرف اور صرف ایک ہی چادر پیش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ درگاہ محدث اعظم ہند میں سال بھر میں صرف ایک ہی چادر مزارشریف پر پیش کی جاتی ہے۔ اس کا انتخاب قرعہ سے کیاجاتاہے۔اس سال یہ شرف محدث اعظم مشن پونہ کو ملا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ا س درگاہ شریف پر کسی بھی طرح کا عطیہ صندوق نہیں ہے۔ عر س میں خانوادہ اشرفیہ کی عظیم شخصیتیں علماء کرام،شعراء کرام، مشائخ عظام، اور پورے ہندوستان سے زائرین شرکت کریں گے۔