مسئلہ فلسطین کی سطح پر عرب پارلیمنٹ نے امن کے نوبل انعام کے لیے فلسطینی رہ نما مروان البرغوثی کی نامزدگی کو سپورٹ کرنے کا اعلان کیا۔
پارلیمنٹ نے عرب دنیا کے حوالے سے مسئلہ فلسطین کی مرکزیت اور مقبوضہ بیت المقدس کی فلسطینی ریاست کے دارالحکومت کے طور پر شناخت کو ایک مرتبہ پھر دہرایا۔
عرب پارلیمنٹ نے باور کرایا کہ منصفانہ اور جامع امن ایک تزویراتی آپشن ہے جس کو یقینی بنانے کے لیے شرط ہے کہ پوری فلسطینی اور عرب اراضی سے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ہو اور فلسطینی عوام اپنے ناقابل انتقال حقوق کا استعمال کر سکے جن میں حق خود ارادیت اور مکمل سیادت کی حامل ایک فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہیں۔
عرب پارلیمنٹ نے اسرائیل کو خبردار کیا کہ وہ اپنی ان غیر قانونی پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے دنیا بھر میں عرب اور مسلمانوں کے جذبات کی اشتعال انگیزی جاری رکھنے کا سلسلہ بند کرے جن کا مقصد مسجد اقصیٰ کی زمانی اور مکانی بے دخلی اور تقسیم ہے۔
عرب پارلیمنٹ نے باور کرایا کہ امن عمل اور بین الاقوامی قراردادوں کی بنیاد پر، 1967 میں قبضے میں لیے جانے والے شامی علاقے گولان کی مکمل واپسی کے شامی مطالبے کی حمایت جاری رکھے جائے گی۔
پارلیمنٹ نے مقبوضہ گولان میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی جن میں قدرتی وسائل پر قبضہ، وہاں کے آبی وسائل کی لوٹ مار، یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع، آبادکاروں کی وہاں منتقلی اور اس کے قدرتی وسائل سے ناجائز فائدہ اٹھانا شامل ہیں۔