غرب اردن میں مقیم فلسطینیوں نے حزب اللہ لبنان اور دیگر مزاحمتی تحریکوں کے حق میں مظاہرے کئے ہیں۔
خبروں کے مطابق اس مظاہرے میں غرب اردن کے فلسطینیوں کے علاوہ مقبوضہ جولان کے رہنے والے دروزیوں نے شرکت کی اور حزب اللہ لبنان اور رام اللہ کے شہر کفرنیمہ کی تحریک مزاحمت کے جوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
مظاہرے میں شریک لوگ شام میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں حزب اللہ کے کردار کی حمایت اور اس مجاہد اسلامی تحریک کے خلاف عرب ملکوں کے مخاصمانہ موقف کی مذمت میں نعرے لگا رہے تھے۔
فلسطین لبریشن فرنٹ کے ایک رکن عمر شہادہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں حزب اللہ اور تحریک مزاحمت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مجاہدین، غاصبانہ قبضے کےخاتمے اور فلسطین کی آزادی کے لیے کئی نسلوں سے جنگ کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے ، حزب اللہ کی حمایت میں مظاہروں کے انعقاد کے بعد، فلسطین لبریشن فرنٹ اور فتح تحریک کے درمیان ہر قسم کے مالیاتی لین دین کو روکنے کا حکم دیا ہے۔