پاکستانی فوج نے صوبہ پنجاب میں کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے جسے ضرب آہن کا نام دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق راجن پور کے کچے کے علاقے میں چھپے چھوٹو گینگ کے خلاف بڑی کارروائی شروع کردی گئی ہے جس میں نیم فوجی دستے رینجر اور پولیس کے اہلکار بھی شریک ہیں۔
ضرب آہن کے نام سے شروع کیے جانے والے اس گرینڈ آپریشن میں بھاری مشین گنیں اور گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
آپریشن کا مقصد علاقے کو جرائم پیشہ عناصر کے گینگ سے پاک کرنے کے علاوہ یرغمالی سیکورٹی اہلکاروں کو بازیاب کرانا ہے۔
پاکستانی پولیس نے اٹھارہ روز قبل اس علاقے میں آپریشن شروع کیا تھا تاہم چھوٹوگینگ کے عناصر اٹھارہ پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
پولیس آپریشن کی ناکامی کے بعد حکومت پنجاب نے فوج سے مدد طلب کی تھی۔
پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی ذمہ داری فوج نے سنبھال لی ہے۔