ریاض: سعودی عرب سے موصول ہونے والی افسوسناک خبر کے مطابق مسجد نبوی کے سابق امام الشیخ ڈاکٹر محمد ایوب ہفتے کی صبح مدینہ منورہ میں انتقال کر گئے۔مرحوم کے بیٹے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اپنے والد کے انتقال پرملال کی خبر دی۔ مرحوم کی نماز جنازہ مدینہ منورہ میں بعدنماز ظہرپڑھائی گئی جبکہ جنت البقیع کے قبرستان میں سپرد خاک ہوئے۔عرب میڈیا کے مطابق مرحوم امام الشیخ ڈاکٹر محمد ایوب نے بارہ سال کی عمر میں علامہ زکی داغستانی اور الشیخ خلیل بن عبدالرحمن کے ہاں بن لادن مسجد میں قرآن پاک حفظ کیا۔ قرآن، تفسیر اور دیگر علوم قرآنیہ کی تعلیم کے لئے انہوں نے الشیخ محمد سید طنطاوی، الشیخ عبدالعزیز محمد عثمان، الشیخ اکرم ضیاءالعمری، الشیخ محمد الامین الشنقیطی اور الشیخ عبدالمحسن العباد کے سامنے زنوائے تلمذ طے کئے۔
ڈاکٹر محمد ایوب نے اپنی تعلیم وزارت المعارف کے زیر انتظام مدرسہ تحفیط القرآن سے حاصل کی اور بعد میں مڈل اور سیکنڈری تعلیم کے لئے مدینہ منورہ منتقل ہو گئے۔
سوگواروں میں انہوں نے دو بیوہ اور 13 بیٹے بیٹیاں چھوڑیں ہیں۔ ان کے پانچ صاحبزادگان قرآن کے حافظ ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ فہد بن عبدالعزیز نے ڈاکٹر محمد ایوب کو مدینہ منورہ کے شاہ فہد کمپلیکس میں مکی حجازی لہجے میں قرآن پاک ریکارڈ کروانے کے لئے خصوصی شاہی فرمان جاری کیا۔