سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مصری صدر عبدالفتاح السيسی کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں 17 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ ان میں رہائش، صحت، تجارت، پرامن ایٹمی توانائی اور بجلی کے شعبے شامل ہیں۔
اس موقع پر مصری صدر نے خادم حرمین شریفین کو مصر کا اعلی ترین شہری اعزاز “النیل ایوارڈ” بھی دیا۔
جمعہ کے روز شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور عبدالفتاح السیسی کے درمیان سربراہ بات چیت کا دوسرا دور ہوا۔ اس سے قبل جمعرات کی شام دونوں شخصیات کے درمیان سربراہ ملاقات کا پہلا دور ہوا تھا جس میں دوطرفہ خصوصی تعلقات اور خطے کے معاملات زیربحث آئے۔
سعودی فرماں روا کا دورہ پانچ روز تک جاری رہے گا۔ شاہ سلمان کے بادشاہ بننے کے بعد یہ ان کا مصر کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں مملکت اور مصر کے درمیان خطے کے حوالے سے محوری حیثیت رکھنے والا اتحاد مضبوط تر ہوگا۔
مصری ایوان صدر کا کہنا ہے کہ سعودی فرماں روا کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب کہ خطے کو بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ان میں متعدد عرب ممالک میں جاری شورشیں اور بحران شامل ہیں۔ ایسے وقت میں مصر اور سعودی عرب کے درمیان مختلف علاقائی معاملات میں تعاون اور کوآرڈینیشن جاری رہنے کی اہمیت باور ہوتی ہے۔