افغانستان کے صوبے پروان میں ہونے والے خود کش دھماکے میں کم سے کم چھے افراد جاں بحق اور بائیس زخمی ہو گئے۔ صوبائی پولیس چیف زمان ماموزئی کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار نے پروان کے ضلع غور بند کے علاقے سیاہ گرد میں خود کو ایک اسکول اور کلینک کے قریب دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں کم ازکم چھے شہری ہلاک اور بائیس زخمی ہو گئے۔
زمان ماموزئی نے بتایا کہ پولیس کو خود کش بمبار کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جو پولیس مرکز کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ پولیس خودکش حملہ آور کو تلاش کر رہی تھی اور جب اسے معلوم ہوا کہ پولیس اس کا تعاقب کر رہی ہے تو اس نے خود کو ایک اسکول اور کلینک کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں چھے شہری جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار سمیت بائیس افراد زخمی ہو گئے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ پایا جاتا ہے۔
ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔ رواں برس فروری میں صوبہ پروان کے ضلع غور بند کے علاقے سیاگرد میں طالبان کے ایک حملے میں نو شہری اور چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔