عراق میں سکیورٹی فورسز اور ان کی اتحادی ملیشیاؤں پر خودکش بم حملوں میں کم سے کم بیس افراد ہلاک اور ساٹھ سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
عراقی حکام کے مطابق دارالحکومت بغداد کے شمال میں پولیس اور فوج کے مشترکہ چیک پوائنٹ پر ایک خودکش بمبار نے دھماکا کیا ہے۔بغداد کے شمال ہی میں واقع قصبے مشاہدہ میں حکومت نواز پیرا ملٹری دستوں کو دو بمباروں نے اپنے حملوں میں نشانہ بنایا ہے اور جنوبی شہر ناصریہ میں ایک ریستوراں میں بم دھماکا ہوا ہے۔
سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اپنی نیوز ایجنسی عمق پر آن لائن جاری کردہ ایک بیان میں ان میں سے بعض بم دھماکوں کی ذمے داری قبول کی ہے اور کہا ہے کہ بم دھماکوں میں دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔داعش اور دوسرے جنگجو گروپ عراقی سکیورٹی فورسز ،چیک پوائنٹس اور سرکاری عمارتوں پر اس طرح خودکش بم حملے کرتے رہتے ہیں۔