عراق کے شہر ہیت میں دہشت گرد گروہ داعش کے ہاتھوں قید ہونے والے سیکڑوں افراد کو رہا کرا لیا گیا۔
برطانیہ کے اسکائی نیوز ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عراقی فورسز نے صوبہ الانبار کے شہر ہیت کو آزاد کرانے کی کارروائی کے دوران داعش کی قید میں موجود ڈیڑھ ہزار افراد کو آزاد کرا لیا۔
دوسری جانب صوبہ الانبار میں جھڑپوں میں شدت آنے کے بعد عراقی پارلیمنٹ نے اس صوبے کو جنگ زدہ قرار دے دیا ہے۔ صدر پارٹی کے سربراہ مقتدی صدر نے السلام بریگیڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبہ الانبار میں امداد کی فراہمی کا سلسلہ شروع کرے۔
صوبہ الانبار کے بعض شہروں کے حالات داعش کے جرائم کی وجہ سے تشویشناک قرار دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ عراقی فورسز نے حال ہی میں صوبہ الانبار کے مرکز اور اس صوبے کے بعض مشرقی علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔