امریکی کانگریس کے ری پبلکن ارکان پر مشتمل ایک وفد نے سعودی دارالحکومت الریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکی وفد کی قیادت سینیٹر لنڈزے گراہم کررہے تھے اور اس میں شمالی کیرولینا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر تھام ٹیلیس اور جارجیا سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ پرڈو ،کانگریس کے ارکان ڈیوڈ جولی (فلوریڈا) ایڈم کینزنگر(ایلنائے) اور ٹام رائس ( جنوبی کیرولینا) شامل تھے۔
ملاقات کے دوران طرفین نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دونوں ملکوں کے باہمی مفاد سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس ملاقات سے دس روز قبل چار اور امریکی سینیٹروں نے بھی الریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی تھی۔
امریکی وفد کی شاہ سلمان سے ملاقات کے موقع پر سعودی وزیرمملکت ڈاکٹر مسعد بن محمد العبین ،وزیر ثقافت اور اطلاعات ڈاکٹر عادل بن زید الطریفی ،وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور سعودی عرب میں متعیّن امریکی سفیر ڈاکٹر جوزف ڈبلیو ویسٹفل بھی موجود تھے۔
امریکی صدر براک اوباما 21 اپریل کو سعودی عرب کے دورے پر آنے والے ہیں۔وہ شاہ سلمان سے ملاقات کے علاوہ خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور قطر ،کویت ،متحدہ عرب امارات ،بحرین اور اومان کے سربراہان ریاست ومملکت سے خطے کی صورت حال اور اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔