شامی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف نیا آپریشن شروع کیا
شامی فوج نے ملک کے شمال مغربی صوبے حماہ میں دہشت گردوں کے خلاف نئے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج نے اس آپریشن کے دوران حماہ کے شہر سلمیہ کے نواح میں واقع بعض اہم علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ سلمیہ شہر حماہ شہر سے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر حمص کے شمال میں واقع ہے۔ اس کارروائی میں شامی فوج کو روسی فضائیہ کی حمایت بھی حاصل ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق شامی فوج نے سلمیہ شہر کے نواح میں واقع دو اہم علاقوں، سد عقارب اور تبارہ دیبہ سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیا ہے۔ اس کارروائی میں دہشت گردوں کی بھاری ہتھیاروں سے لیس تین گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں۔ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے پچھلے چار سال سے شام کے بعض علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔