متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں ایک رہائشی ٹاور میں پیر کو رات گئے آگ لگ گئی ہے جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
امارات کے مقامی اخبار ‘خلیج ٹائمز’ کے مطابق عمارت میں موجود تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے اور فائر فائٹرز اس آگ کو بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس موقع پر فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے اور اس آگ کی وجہ بھی ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
انٹرنیٹ پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو درجن سے زائد منزلوں پر مشتمل اس عمارت سے جلتا ہوا ملبہ سڑک پر گررہا ہے۔
آگ لگنے کا یہ واقعہ پچھلے تین سال میں متحدہ عرب امارات میں بلند عمارتوں میں آگ لگنے کا چوتھا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے 31 دسمبر کی رات کو دبئی میں ایک ہوٹل میں آگ لگ گئی تھی۔ اس کے علاوہ پچھلے سال فروری میں 79 منزلہ رہائشی عمارت میں بھی آگ لگ گئی تھی جبکہ نومبر 2012ء میں ایک 34 منزلہ عمارت بھی آگ کے نتیجے میں جزوی طور پر تباہ ہوگئی تھی۔
ان آگ لگنے کے واقعات میں کچھ واقعات میں آگ کے تیزی سے پھیلنے میں عمارتوں کے باہر ڈیکوریشن اور موسمیاتی اثرات سے بچائو کے لئے لگائے جانے والے آتش گیر مادہ ملوث ہوسکتا ہے۔