دہشت گرد گروہ الاحرار نے لی حملے کی ذمہ داری
پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے کہاہے کہ لاھور کے ایک پارک میں دہشت گردی پھیلانے والے خودکش حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق سیکورٹی اداروں نے خودکش حملہ آور کا نام محمد یوسف بتایا ہے جو پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کا رہنے والا ہے۔
پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے ادارے سی ٹی ڈی نے لاھور دھماکے کے الزام میں پندرہ افراد کو گرفتار بھی کیا جن میں خودکش حملہ آور کے دو بھائی بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا کہ ان لوگوں کا تعلق کس گروہ ہے۔تاہم جماعت الاحرار نامی دہشت گرد گروہ نے لاھور حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق دہشت گرد گروہ جماعت الاحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان کی جانب سے جاری کئے گئے پیغام میں کہا گیا کہ ہم لاہور میں داخل ہو چکے ہیں اور ہمارے خودکش حملہ آور اس طرح کے دھماکے کرتے رہیں گے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے سانحہ لاھور کی تحقیقات کا عمل شروع کردیا۔ تحقیقاتی ٹیموں نے دھماکے میں استعمال ہونے والی خودکش جیکٹ کے ٹکڑے بھی قبضے میں لیے جنہیں لیب بھجوا دیا گیا۔ ایک انداز کے مطابق دھماکے میں آٹھ سے دس کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔