امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) کا کہنا ہے کہ امریکی فضائیہ نے منگل کے روز یمن میں القاعدہ تنظیم کے عسکری تربیتی کیمپ پر شدید ضرب لگائی، جس کے نتیجے میں “درجنوں جنگجو” ہلاک ہو گئے۔
پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کوک نے بتایا کہ “حملے میں جزیرہ عرب میں القاعدہ تنظیم کو نشانہ بنایا گیا جو امریکیوں کے خلاف حملوں کے لیے یمن کو بطور مرکز استعمال کرنا چاہتی ہے. سو یہ بات واضح ہے کہ ہم القاعدہ کو ہزیمت سے دوچار کرنے اور محفوظ پناہ گاہ سے محروم کرنے کے پابند ہیں”۔
“جزیرہ عرب میں القاعدہ” تنظیم کئی مغربی اہداف کو نشانہ بنا چکی ہے جن میں 2009 میں امریکا جانے والے ایک طیارے کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش شامل ہے۔ اس کے علاوہ تنظیم نے گزشتہ سال پیرس میں فرانسیسی اخبار چارلی ایبڈو پر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی. کارروائی میں 12 افراد مارے گئے تھے۔
دوسری جانب “جزیرہ عرب میں القاعدہ” کو بڑے دھچکے بھی پہنچے جن میں امریکی فضائیہ کی کاری یلغاریں اور یمن میں داعش تنظیم کی نئی شاخ کا سامنا کرنا بھی شامل ہیں۔
پیٹر کوک کے مطابق نشانہ بنائے جانے والے تربیتی کیمپ کو القاعدہ کے 70 سے زائد جنگجو استعمال کر رہے تھے۔
کوک نے مزید کہا کہ “ہم کارروائی کے نتائج کا جائزہ جاری رکھیں گے تاہم ابتدائی جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ جزیرہ عرب میں القاعدہ کے درجنوں جنگجوؤں کا خاتمہ کیا گیا ہے”۔