یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت اور حوثی شیعہ باغیوں کے درمیان مذاکرات کے آیندہ دور سے قبل ایک یا دو ہفتے کے لیے جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔

یمنی عہدے داروں نے بتایا ہے کہ دارالحکومت صنعا میں اقوام متحدہ کے ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد اور حوثی باغیوں کے درمیان بات چیت میں جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا ہے۔یمنی عہدے داروں کا اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا ہے کہ مذاکرات کا آیندہ دور اپریل میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

یمنی عہدے داروں کے بہ قول حوثی شیعہ باغیوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد سے بھی اتفاق کیا ہے،اس کے تحت وہ اپنے ہتھیار حوالے کرنے اور دارالحکومت صنعا سمیت اپنے زیر قبضہ علاقوں سے انخلاء کے پابند ہیں۔

واضح رہے کہ یمن میں پہلے بھی متعدد مرتبہ جنگ بندی پر اتفاق ہوچکا ہے مگر برسرزمین اس پر عمل درآمد نہیں کرایا جاسکا تھا اور تنازعے کے فریق ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عاید کرتے رہے ہیں۔