انسانی حقوق کی بحرینی تنظیم نے کہا ہے کہ بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
ذراےُ کے مطابق انسانی حقوق کی بحرینی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کی عدالتوں نے فروری کے مہینے میں اڑسٹھ بحرینی شہریوں کو تین سو اٹھّائیس سال قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ اس تنظیم کے مطابق گذشتہ ماہ بحرین کے مختلف علاقوں سے ستّاسی بحرینی شہریوں کو ان کے گھروں پر حملہ کر کے گرفتار کیا گیا ہے جن میں چار بچّے بھی شامل ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ بحرینی حکومت کی جانب سے بحرینی شہریوں کو ملک سے بے دخل اور ان کی شہریت ختم کرنے کا عمل بدستور جاری ہے اور بعض مصدقہ ذرائع کے مطابق اب تک دو سو اسّی بحرینیوں کی شہریت ختم کی جا چکی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بحرینی عوام، دو ہزار گیارہ سے اپنے ملک میں جمہوریت اور شہری حقوق کی بحالی کے لئے پرامن مظاہرے کر رہے ہیں جبکہ آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورسز، سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر بحرینی عوام کی تحریک کو دبانے کے لئے ہر طرح کے ممکنہ جارحانہ طریقے پر عمل کر رہی ہیں۔