امریکا نے ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کے تازہ تجربات پر سلامتی کونسل سے صلاح مشورہ شروع کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیرہ سامنٹا پاور نے جمعہ کے روز سلامتی کونسل کو درخواست دی ہے کہ وہ ایران کے بیلسٹک میزائل تجربات پر آئندہ سوموار کے روز مشاورتی اجلاس طلب کرے۔ اس اجلاس میں اس بات پر غور کیا جائے کہ آیا تہران کے بیلسٹک میزائل تجربات جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں یا نہیں۔
واشنگٹن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیرہ کا کہنا تھا کہ بیلسٹک میزائلوں کے تجربات سے امریکا کو گہری تشویش ہے۔ ایران نے تازہ تجربات سے امن و استحکام کے حوالے سے کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ امریکا ان تجربات کو اشتعال انگیزی قرار دیتا ہے۔
خیال رہے کہ سلامتی کونسل ایران کے لیے جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے تمام اقسام کے میزائلوں کی تیاری اور ان کے حصول پر پابندی عاید کر چکی ہے۔ گذشتہ ہفتے ایران نے بیلسٹک میزائلوں کے دو تجربات کیے جس پرعالمی برادری کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔