امریکی سینٹ میں پاکستان کو ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی فروخت کے خلاف قرارداد مسترد کر دی گئی۔
امریکی سینٹ کے اس اقدام کے بعد پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کر لیا گیا۔
امریکی سینیٹ میں پاکستان کو ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی فروخت روکنے کے لئے یہ قرارداد، ری پبلکن پارٹی کے سینیٹر رینڈ پال نے پیش کی تھی، جو اکثریتی آرا سے مسترد کر دی گئی۔اکہتّر ارکان نے قرارداد کی مخالفت کی اور صرف چوبیس ارکان نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔
پاکستان، امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن سے آٹھ ایف سولہ طیاروں سمیت راڈار اور دیگر فوجی ساز و سامان خریدے گا۔ اوباما انتظامیہ نے بارہ فروری کو اس معاہدے کی منظوری دی تھی۔
ری پبلکن رہنماؤں اور ہندوستان کی شدید مخالفت کے باوجود امریکی سینٹ سے قرارداد مسترد ہونے کے بعد ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی پاکستان کو فراہمی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔