سوڈان میں پاپولر کانگریس پارٹی کے سربراہ اور معروف سیاسی شخصیت ڈاکٹر حسن الترابی ہفتے کے روز 84 سال کی عمر میں وفات پاگئے.. ان کی موت انجائنا کے سبب واقع ہوئی۔
طبی ذرائع کے مطابق الترابی کو دارالحکومت خرطوم کے روئل کیئر ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
حسن الترابی 1932 میں سوڈان کے شہر کسلا میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1951 سے 1955 تک الخرطوم یونی ورسٹی میں قانون کی تعلیم حاصل کی۔ 1957 میں آکسفورڈ یونی ورسٹی لندن سے ماسٹرز کیا اور پھر 1964 میں پیرس کی سوربون یونی ورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ عربی، انگریزی، فرانسیسی اور جرمن چار زبانوں پر عبور رکھتے تھے۔
حسن الترابی الخرطوم یونی ورسٹی میں بطور استاد مقرر ہوئے بعد ازاں کلیہ قانون کے ڈین اور پھر سوڈان کے وزیر انصاف بن گئے۔ 1988 میں انہیں سوڈان کا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا۔ 1996 میں وہ سوڈانی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوئے اور 1998 میں حکمراں پارٹی نیشنل کانگریس کے سکریٹری کے طور پر ان کا چناؤ عمل میں آیا۔
حسن الترابی اور سوڈان کے صدر عمر البشیر کے درمیان اختلاف پیدا ہوا یہاں تک کہ 1999 میں وہ حکومت سے علاحدہ ہو گئے اور تمام سرکاری اور پارٹی عہدوں سے دستبردار ہوگئے۔ بعد ازاں 2001 میں انہوں نے نئی جماعت “پاپولر کانگریس پارٹی” قائم کرلی۔