لبنان کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایران لبنانی فوج کو ہتھیار دینے کے لیے تیار ہے۔
ذراےُ کے مطابق لبنان کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع سمیر مقبل نے بدھ کے روز کہا کہ ایران کے وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے ان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران لبنانی قوج کو اس کی ضرورت کا ہر قسم کا اسلحہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ سمیر مقبل نے لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ملاقات کے بعد کہا کہ لبنان ایران کی اس پیشکش کے بارے میں مناسب فیصلہ کرنے کے لیے کابینہ کے اجلاس میں اس کا جائزہ لے گا۔
ایران نے لبنان کو یہ پیشکش ایک ایسے وقت میں کی ہے کہ جب سعودی عرب نے حال ہی میں لبنانی فوج کی تین ارب ڈالر کی فوجی امداد روک دی ہے اور اپنے شہریوں کو لبنان سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔۔
لبنان نے کئی بار امریکہ اور یورپی ملکوں سے درخواست کی ہے کہ وہ لبنانی فوج کو جدید ہتھیار فراہم کریں تاکہ وہ صیہونی حکومت کے حملوں کے مقابل دفاع کے لیے تیار ہو لیکن انھوں نے لبنان کی اس درخواست کو درخور اعتنا نہیں سمجھا ہے۔