جمعیۃ علماء ہند کی جانب نئی دہلی میں اجلاس 12مارچ کو

ممبئی :مجاہدین آزادی نے جن خوابوں کو اپنی آنکھوں میں سجایا تھا آج کی فرقہ پرست طاقتیں ان کو چکنا چور کر رہی ہیں۔اس لئے ضروری ہے کہ ملک کے جمہوری و سیکولر دستور کی بقاء کے لئے تحریک تحفظ جمہوریت چلائی جائے۔تاکہ فرقہ پرستوں کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے۔اور ان مجاہدین کی روحیں بھی شاد ہوں جنہوں نے اس ملک کو آزاد کرانے میں اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ان خیالات کا اظہارجمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اخبارات کو جاری ایک بیان میں کیا۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی ادام اللہ فیوضہم مجاہدین کے ان خوابوں کی مشعل کو لے کر نکل پڑے ہیں ،جن کو ملک کے ہر سیکولر ذہن انسان کے تعاون سے پورا کیا جائے گا۔

حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان انتہائی خطر ناک دور سے گذر رہا ہے ،اس کی امتیازی گنگا جمنی تہذیب اور پیار و محبت کی روایات کو کچھ فرقہ پرست طاقتیں سیاسی مقصد کے لئے ختم کرنے پر تلی ہوئی ہیں،جن کے منصوبوں کو ناکام کرنے کی غرض سے جمعیۃ علماء ہند ۱۲؍ مارچ کو دہلی کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم ،آئی ٹی او،نئی دہلی میں ایک عظیم الشان اجلاس کے انعقاد کی تیاری کر رہی ہے ،جس میں ملک کے اقلیتی طبقوں کے علاوہ پسماندہ طبقات و جمہوریت پر یقین رکھنے والے دیگر برادران وطن کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ ملک کی جمہوریت کی بقاء کے لئے متحد ہوکر کا م کیا جائے۔

مولانا نے مزید کہا کہ گذشتہ چند ماہ سے جاری جمعیۃ علماء ہند کی ابتدائی ممبر سازمی مہم اپنے آخری مرحلہ میں ہے ۔ممبر سازی کی آخری تاریخ 29 فروری 2016ہے۔

مولانا نے یہ بھی کہا کہ مرکز کی ہدایت کے مطابق جماعت کے جملہ یونٹوں بشمول صوبائی نظام 15؍ مئی 2016تک مکمل کر لیا جائے گا۔

اس کے لئے ریاستی دفتر سے انتخابی سرکلر ضلعی و شہری جمعیتوں کوجاری کردیا گیا ہے،جس میں انتخابات اور اس سے متعلق مکمل تفصیل درج ہے۔