مکہ مکرمہ: سعودی حکومت نے مسجد الحرام میں رش کو کم کرنے اورسیکیورٹی معاملات کو مزید بہتر کرنے کیلئے نیا سمارٹ سسٹم تیار کر لیا ہے جس کی تنصیب کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ برائے حج اور عمرہ سیکیورٹی آپریشنز کے کرنل بدر بن سعود السعود کا کہنا ہے کہ جدید ترین’راصد’ سسٹم ام القراءیونیورسٹی کے تعاون سے تیار کروایا گیا ہے۔اس نئے سسٹم کی مدد سے ایک نیا الیکٹرانک پلیٹ فارم لگایا جائے گا جس پر 50 کیمروں کی مدد سے رش کی صورتحال دکھائی جائے گی۔
اس نظام کو حج اور عمرہ کی سیکیورٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر میجر سعود الخالیاوی کی زیر نگرانی نافذ کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ سپیشل فورسز برائے حج وعمرہ کے کمانڈر میجر محمد الشریف بھی اس منصوبے کی نگرانی کررہے ہیں۔
ام القراءیونیورسٹی میں ریسرچ ٹیم کے سربراہ انس باسلمہ کا کہنا تھا کہ ‘راصد سسٹم ‘مسجد الحرام میں زائرین کی نقل وحرکت کو آسان بنانا ہے جس سے رش کی صورتحال میں کافی حد تک کمی آئے گی۔