ایران کے آئین کی گارڈین کونسل کے سیکریٹری آیت اللہ احمد جنّتی نے قرآن کریم کے مطابق عمل اور اہل بیت علیھم السلام کی پیروی کو ایرانی قوم کی کامیابی کا راز قرار دیا ہے۔
آیت اللہ احمد جنّتی نے ہفتے کی رات امریکہ میں تحریک امت اسلام کے رہنما لوئیس فراخان سے ملاقات کے دوران اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سامراج کی جانب سے ایران پر ڈالے جانے والے دباؤ کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اس دباؤ کے باوجود ایران کے عوام اور حکام نے قرآن کریم کے مطابق عمل کرکے ظلم اور دشمنیوں کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا۔ آیت اللہ احمد جنّتی کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کی طاقت اور ثقافت زوال کا شکار ہو چکی ہے اور قرآن کریم میں بھی آیا ہے کہ ظالم حکمرانوں کا زوال یقینی ہے۔
اس ملاقات میں لوئیس فراخان نے بھی کہا کہ ہم اسلام کی بدولت بڑے شیطان سے ذرہ برابر خوف زدہ نہیں ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے۔