مشرق وسطیٰ کے حالیہ منظرنامے میں خوف و دہشت اور سفاکیت کی علامت سمجھی جانے والی شدت پسند تنظیم داعش نے ہفتے کے روز انٹرنیٹ پر ایک نئی وڈیو جاری کی ہے۔ وڈیو میں تنظیم کے 5 ارکان کے ہاتھوں فائرنگ کے ذریعے پانچ عراقیوں کو موت کے گھاٹ اتارے جانے کی کارروائی دکھائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فرانسیسی زبان بولنے والے ایک داعشی نے مغربی ممالک کو ایسے حملوں کی دھمکی بھی دی ہے جو ان کو نیویارک اور پیرس کے حملے “بھلادیں” گے۔
عراقی صوبے نینویٰ میں داعش کے ” میڈیا بیورو” کی جانب سے جاری کی گئی وڈیو کا دورانیہ تقریبا 8 منٹ ہے۔ اس میں پانچ نقاب پوش نظر آ رہے ہیں جن میں سے 4 نے کالے کپڑے پہنے ہوئے ہیں جب کہ فرانسیسی زبان بولنے والا پانچواں داعشی فوجی وردی میں ملبوس ہے۔ ہر ایک داعشی کے آگے نارنجی رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ایک عراقی بیٹھا ہے جو اپنے جلاد کے ہاتھوں سر میں گولی کھانے کا منتظر ہے۔
وڈیو کا آغاز پانچوں عراقیوں کے ان بیانات سے ہوا ہے جن میں وہ داعش کے ارکان کے خلاف جاسوسی اور ان پر حملوں کی کوشش کرنے سے متعلق بتا رہے ہیں۔
اس کے بعد روانی سے فرانسیسی زبان بولنے والا ایک نقاب پوش کو، جس کے سنہرے بالوں کی لٹیں اس کے کاندھوں کو چھو رہی ہیں، مغربی ممالک کو نئے حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
وڈیو کا اختتام پانچوں عراقیوں کے سروں پر گولیاں مارنے اور ان کے ایک ساتھ گرنے کے منظر پر ہوتا ہے۔ اس دوران مقتول افراد کے سروں سے خون بہتا دکھائی دے رہا ہے۔