نیدرلینڈ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا کی سربراہی میں داعش کے خلاف سرگرم اتحاد کا مزید فعال حصہ بنتے ہوئے شام میں بھی فضائی کارروائیوں میں حصہ لینا شروع کردے گی۔
ڈچ حکومت کئی ماہ سے شام کے ہمسایہ ملک عراق میں چار ایف 16 طیاروں کی مدد سے فضائی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے مگر انہوں نے شام میں کارروائیاں کرنے سے اجتناب کیا ہے۔ مگر امریکا اور فرانس کی جانب سے متعدد درخواستوں کے بعد حکومت نے فیصلہ کیاہے وہ مشرقی شام میں جاری آُپریشن میں حصہ لے گی۔
ڈچ وزیر اعظم مارک رٹ کا کہنا ہے کہ “ہمارے ایف 16 طیارے شام میں تنازعہ زدہ علاقے میں تعینات ہو کر زیادہ مستعدی سے داعش کے ٹھکانوں، ٹریننگ سنٹرز اور دیگر املاک پر بمباری کرسکیں گے۔”
وزیر دفاع جنین حینس پلاسچرٹ کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے داعش مخالف اتحاد مزید پیش رفت کرنے میں کامیاب ہوگا۔
ڈچ کابینہ نے ایک خط میں پارلیمان کو اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے جہاں پر اسے آنے والے دنوں میں زیر بحث لایا جائے گا۔ قانون ساز اسمبلی کے اکثر اراکین شام میں فضائی حملوں میں شمولیت اختیار کرنے کے حق میں ہیں۔