غزہ کی فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی اسرائیل کے ساتھ موجود سرحد پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران دو فلسطینی شہریوں کو گولی مار کر شہید جبکہ متعدد کو زخمی کردیا گیا۔
وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ 18 سالہ محمد ابو زیدہ کو اسرائیلی فوج نے گردن میں جبکہ 26 سالہ محمد قطہ کو پیٹ میں گولی مار کر شہید کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وسطی غزہ کے بریج مہاجر کیمپ کے مشرق میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں 15 دیگر فلسطینی بھی گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے مظاہرین پر اس وقت فائرنگ کی جب انہوں نے “بفر زون” میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
اسرائیلی فوج کی ایک ترجمان خاتون کا کہنا تھا “درجنوں مظاہرین بفر زون میں داخل ہوگئے اور انہوں نے سرحدی باڑ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ۔ اسرائیلی فورسز نے دراندازی کی کوشش کرنے والے ان مظاہرین پر فائرنگ کی ہے۔”
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں پچھلے کچھ ماہ کے دوران تشدد کی ایک لہر دیکھنے میں آرہی ہے۔ پچھلے سال یکم اکتوبر سے لے کر اب تک 23 اسرائیلی شہری ہلاک اور 153 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس تشدد کی لہر کے دوران ایک امریکی اور ایک ایریتریائی باشندہ بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ بہت سے فلسطینی شہریوں کو اسرائیلی فوج پر حملے کے شبہ میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔