فرانسیسی وزیر خارجہ لوراں فابیئس نے شام اور روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کے خلاف فوجی کارروائیاں بند کردیں اور خاص طور پر محاصرہ زدہ قصبے مضایا میں لوگوں کی مشکلات کم کریں۔

انھوں نے یہ بات شامی حزب اختلاف کے رابطہ کار ریاض حجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ”ہم نے شام اور روس کی شہریوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کو رکوانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے اور خاص طور پر مضایا اور شامی فوج کے محاصرے کا شکار دوسرے شہروں اور قصبوں کے مکینوں کے مصائب اور مشکلات کم کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

انھوں نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شامی صدر بشارالاسد اقتدار میں نہیں رہ سکتے ہیں اور فرانس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے شامی شہریوں پر بلاامتیاز حملوں کو رکوانے کے لیے مشاورت کریں گے تاکہ شام پر اس ضمن میں دباؤ ڈالا جا سکے۔