مسلمان شب برأت پر گھروں میں عبادات کریں
لاک ڈائون پر عمل کرنے سے ہی کرونا کے خلاف کامیابی مل سکتی ہے : گرانڈ مفتی آف انڈیا
کالی کٹ,عبدالکریم امجدی: ملک بھر میں کرونا وائرس کے خلاف لاک ڈائون جاری ہے ایسے حالات میں شب برأت بھی سایہ فگن ہو رہی ہے ہمیں اس رات صبر وتحمل سے کام لینا ہوگا ۔ضروری ہے کہ سماجی فاصلہ کو قائم رکھتے ہوئے مسلمان شب برأت پر گھروں میں عبادات کریں ، کسی طرح کی بھیڑ بھاڑ سے بچیں ۔مذکورہ خیالات کا اظہار گرانڈ مفتی آف انڈیا اور جامعہ مرکز کے سربراہ اعلیٰ شیخ ابوبکر احمد نے آج یہاں کالی کٹ میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا ۔شیخ ابوبکر احمد نے ملک بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ شب رأت کے موقع اپنے گھروں سے ہی مرحومین کو ایصال ثواب کریں ،ذکر واذکات ،تلاوت قرآن اور کثرت توبہ استغفار کریں ۔ شیخ نے کہاکہ یہ مشکل وقت ہے ہمیں متحد ہو کر کرونا کے خلاف لڑائی لڑنی ہے ۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈائون پر مسلمان عمل کریں اور قبرستان نہ جائیں بلکہ اپنے گھروں سے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت اور وطن کی صحت وسلامتی کی دعا کریں ۔گرانڈ مفتی آف انڈیا نے کہا کہ یہ مقدس رات ہے مسلمان اس رات توبہ استغفار کر کے وبائی بیماری سے نجات پانے کے لئے خصوصی دعا کریں ۔انہوں نے کہاکہ یہ سچ ہے کہ مسلمان اس رات قبرستانوں اور مسجدوں میں شب بیداری ،دعائے مغفرت کی مجلسیں منعقد کرتے ہیں ،لیکن اآج امتحان کی گھڑی ہے۔ وائرس جس طرح تیزی سے پھیلتا جارہا ہے ۔اس کی روک تھام سماجی فاصلہ ،احتیاطی تدابیر ہی سب سے بہتر ہے ۔ہمیں اس کی روک تھام کے لئے متحد ہوکر سماجی فاصلہ قائم رکھیں تاکہ اس خطرناک بیماری سے جلد از جلد نجات مل سکے ۔