کرونا کے خلاف جنگ میں مسلمان حکومت کے ساتھ :شیخ ابوبکر
کالی کٹ (عبدالکریم امجدی ): گرانڈ مفتی آف انڈیا اور جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے چانسلر شیخ ابوبکر احمد نے آج یہاں کالی کٹ میں جاری ایک پریس بیان میں کہاکہ کرونا کے خلاف جنگ میں مسلمان حکومت کے ساتھ ہیں۔حکومت اور عوام خطرناک بیماری کے خاتمہ کے لئے متحد ہیں ۔شیخ نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈائون پر عمل کریں ،اس وبا سے ڈرنے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ احتیاطی قدم،بچائو،اور لاک ڈائون پر مکمل عمل کرنے سے ہی نجات مل سکتی ہے ۔شیخ نے کہاکہ آج پوری دنیا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھتی جارہی ہے ۔ایسے نازک حالات میں معمولی سے غفلت اور لاپرواہی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے ۔گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر نے وزیر اعظم کے ذریعہ ملک بھر میں کرونا وائرس سے مقابلہ کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کروناوائرس ایک مہلک بیماری ہے حکومت نے لوگوں کو بچانے کے لئے جنگی پیمانہ پر کوششیں جاری کی ہیں ہمیں کرونا کے خلاف جنگ میں متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہے ۔انہوں نے اصحاب ثروت سے اپیل کی ہے کہ حاجتمندوں کے لئے اشیا ضروری فراہم کریں ۔ یہ ہمارا ملی ومذہبی فریضہ ہے ۔