یوم جمہوریہ پر النور پبلک اسکول، سنبھل میں بچوں کے ثقافتی پروگرام کا انعقاد
سنبھل: النور پبلک اسکول میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک کی آزادی کے لئے مجاہدین آزادی کی خدمات اور ۲۶ جنوری ۱۹۵۰ء کو ملک میں نافذ ہوئے دستور کو یاد کیا گیا۔ اسکول میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات نے اس تعلق سے ایک ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جس میں ۱۲ بچوں نے یوم جمہوریہ کی مناسبت پر تقریر کی، نرسری کلاس کے ۱۵ بچوں نے مجاہدین آزادی کا رول ادا کرکے ان کے مفید جملے ایکشن کے ساتھ پڑھے اور ۱۰۰ سے زیادہ بچوںنے دیگر پروگراموں میں شرکت کی۔ اِس اسکول کی سنگ بنیاد اور افتتاحی تقریب میں دارالعلوم دیوبند ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت فرمائی تھی۔ تقریب کی مہمان خصوصی ڈاکٹر سدھا سکسینہ نے اسکول کی انتظامیہ کا کامیاب پروگرام منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ اسکول کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے پرچم کشائی کے بعد مختصر طور پر ہندوستان کی تاریخ اور دستور ہند پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج بھی ملک میں مختلف مسائل درپیش ہیں جن کا مقابلہ ہم تعلیم حاصل کرکے ہی کرسکتے ہیں، اسی لئے ہم نے النور پبلک اسکول قائم کیا ہے تاکہ ہماری نئی نسلیں جہاں انجینئر، ڈاکٹر، سائنس داں اور پروفیسر بنیں وہیں ایک مسلمان بھی ہوں ۔ اسکول کے قیام کے پہلے ہی سال شہر سنبھل کی ضرورت اور لوگوں کے تقاضہ کو سامنے رکھ صرف طالبات کے لئے نویں اور دسویں جماعت کی تعلیم شروع کردی گئی ہے، جس کا امتحان جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں ہوگا۔ طالبات نے پرچم کشائی کے فوراً بعد قومی ترانہ پڑھا۔ اس کے علاوہ علامہ اقبال ؒ کی مشہور نظم ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا‘‘ اور متعدد گیت انگریزی اور اردو زبان میں بچوں نے خوبصورت انداز میں پیش کئے۔ بعض گیت حاضرین کے تقاضہ پر کئی بار پڑھے گئے۔ مختلف بچوں نے ملک کی آزادی، یوم جمہوریہ اور مجاہدین آزادی پر تقریریں بھی پیش کیں۔ مسلمانوں کی روایت کو قائم رکھتے ہوئے ثقافتی پروگرام کی ابتدا تلاوت قرآن اور نعت شریف سے ہوئی۔ ، پروگرام کی نظامت اسکول کے پرنسپل جناب محمد حیات وارثی نے بحسن خوبی انجام دی۔ آخر میں ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے اسکول کے قیام کے پہلے ہی سال یوم جمہوریہ کے موقع پر بچوں کے کامیاب ثقافتی پروگرام کے انعقاد پر اسکول کے پرنسپل محمد حیات وارثی، اسٹاف ممبر: محمد سہیم، فرہد محسن، انجم آرا، فائضہ رحمان، عذریٰ بی، عذریٰ خاتم، نازیہ زنیت، تبسم جہاں اور سامیہ وسیم کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں اسکول میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کے ساتھ بچوں کے والدین اور کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن میں مولانا محمد سہیل قاسمی، ماسٹر مقصود حسین، سعدیہ بلال، ڈاکٹر ہما مقصود، محمد الیاس، حسان احمد، محمد عاصم، حبیب الرحمن اور صفوان راغب کے نام قابل ذکر ہیں۔ پروگرام میں شریک ہونے والے طلبہ وطالبات کو انعامات اور سند سے سرفراز کیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر سبھی کو مٹھائی تقسیم کی گئی۔