ہمیں سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانا چاہئے: نواب ملک

ممبئی:
مہاراشٹر کے حالیہ اسمبلی الیکشن میں کلوا ممبرا حلقہ سے کامیاب ہونے والے مسلم دوست،سیکولر امیدوار جناب جیتیندر اوہاڑ اور انوشکتی نگر اسمبلی حلقہ چیتا کیمپ سے کامیاب امیدوار جناب نواب ملک صاحب (صدر ممبئی ریجنل نیشنل کانگریس پارٹی) آج 11بجے دن جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر دفتر واقع اما م باڑہ، ممبئی میں تشریف لائے،جہاں ارکان جمعیۃکی ایک بڑی تعداد نے ان حضرات کا استقبال کیا۔
اس موقع پرمسلسل تیسری مرتبہ راشٹریہ وادی کانگریس پارٹی سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی جیتندر اوہاڑنے جمعیۃ علماء بالخصوص گلزار احمد اعظمی کا شکریہ ادا کیا،کہ ا لیکشن کے موقع پران کا کا ہر طرح کاتعاون حاصل رہا۔ جناب اوہاڑ نے اس موقع پرخاص طور پر کہاکہ الیکشن میں مسلمانوں کو این آر سی کا خوف دلا کر ان کے ووٹ تقسیم کرائے گئے،جس کی وجہ سے سیکولر طاقتوں کو نقصان پہونچا،اس ملک کی مٹی سے مسلمانوں کے خون کی خوشبو آتی ہے،اور دنیا کی کوئی طاقت ملک میں رہنے والے 25-30
کروڑ مسلمانوں کو ملک سے باہر نہیں کر سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کی لڑائی لڑنے کے لئے میرے جیسے لوگ ہمیشہ تیار رہتے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔آپ کی جماعت ایک منظم جماعت ہے،مسلمانوں میں اچھا اثر و رسوخ رکھتی ہے،آپ مسلمانوں کو سمجھائیں کہ کچھ لوگ مختلف بہانوں سے آپ کو خوف زددہ اور مشتعل کرنے کی کوشش کرتے ہیں،اس کا آپ کوکوئی اثر نہیں لینا چاہئے۔آپ مجھے جس وقت بھی طلب کریں کریں گے حاضر پائیں گے۔
اس موقع پر جناب نواب ملک صاحب (ایم ایل اے و صدر ممبئی ریجنل نیشنل کانگریس پارٹی)نے کہا کہ جمعیۃعلماء اپنی ہر شاخ میں ایک سینٹر قائم کرے،اور وہاں ایسے لوگوں کو متعین کرے جنہیں سرکاری اسکیموں کی معلومات ہو اور اس کا کیسے فائدہ اٹھایا جائے اس کے لئے انتظام کرے،اس سلسلہ میں میراتعاون جمعیۃ علماء کو برابر حاصل رہے گا۔

جناب ملک سے جب کہا گیا کہ جمعیۃعلماء کا ایک آفس چیتا کیمپ میں بھی ہے،اور ہم وہاں ایک دوا خانہ کھولنا چاہتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ دوا خانہ سے بہتر یہ ہے کہ اردو آنگن واڑی کا نظام قائم کریں،اس میں اردو کی ترویج و اشاعت ہوگی اور ایک اردو داں کو ملازمت کا موقع بھی ملے گا،نیز غریب بچوں کو دوپہر کا کھانا ملے گا۔اس کے لئے میں آپ کو ہر ممکن تعاون کروں گا۔اس کے علاوہ مجبوروں اور بیواؤں کے وظائف،علاج ومعالجہ کیلئے میڈیکل فنڈ کی سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے لئے عوام کی رہنمائی کریں۔

نو منتخب ایم ایل ایز کو صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹرمولانا مستقیم احسن اعظمی اورجنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

اس تقریب میں صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا مستقیم احسن اعظمی، جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹرمولانا حلیم اللہ قاسمی، خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر مفتی محمد یوسف قاسمی،مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر،مولانا عبد الوہاب قاسمی صدر جمعیۃعلماء ممبرا کوسہ،عبد الرشید زری والا جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء چیتا کیمپ ٹرامبے ممبئی، سیکریٹری قانونی امداد کمیٹی جمعیۃعلماء مہاراشٹر گلزار احمد اعظمی کے علاوہ بڑی تعداد میں جمعیۃ علماء کوسہ ممبراسے مولانا محمد سعد،مولا نا ذاکر سابلے،حافظ ایاز احمد،حافظ مخدوم،قاری وسیم،مناساحل،سید علی اشرف بھائی صاحب اور چیتا کیمپ ٹرامبے کے ارکان فاروق بھائی سابق نگر سیوک،اختر بیگ،عبد الصمد،سراج بھائی بھی موجود تھے۔