مدنی پبلک اسکول سنگرام میں پورے جوش وجذبہ کے ساتھ منایا گیا یوم آزادی
مدھوبنی(سنگرام): مدھوبنی بہار کے معروف ومشہور گاؤں سنگرام میں قائم تعلیمی وتربیتی مرکز”مدنی پبلک اسکول سنگرام“ میں آج جشن یوم آزادی نہایت تزک واحتشام اورپورے جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔پروگرام کاآغاز اسکول کے بچوں کے ذریعہ گاؤں میں مارچ پاسٹ(پربھات پھیری) سے ہوا بعدازاں اسکول ایڈمنسٹریشن کے ذمہ دار مسٹرمحمد سعداللہ نے اسکول کے ٹیچرس، معززین علاقہ اور بچوں کی موجودگی میں رسم پرچم کشائی انجام دی۔قومی ترانہ کے بعد یوم آزادی کی اہمیت اورمجاہدین آزادی کی مناسبت سے طلباء وطالبات کے ذریعہ ثقافتی وکلچرل پروگرام کااہتمام کیاگیا، جس میں بچوں نے یوم آزادی ہند میں اپنے بزرگوں اور ان کی ملک کے لئے پیش کی گئی قربانیوں پرتقریں اورنظمیں پیش کرکے ان کو اپنا خراج عقیدت پیش کیا، جس کو معززین علاقہ اور سامعین نے خوب سراہا، اور چھوٹے چھوٹے بچوں کے ذریعہ پیش کئے گئے پرفارمنس کو سب نے پسند کیا، سامعین اور معززین علاقہ نے بچوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی دعائیں کیں۔ جذبہ حب الوطنی سے سرشار نونہالوں کے اس رنگارنگ پروگرام کی ہر ایک نے جم کر تعریف کی اور کامیاب پروگرام کے لئے ایڈمنسٹریشن اوراساتذہ کی محنت اور لگن کو بھی خوب سراہا۔
اس کے علاوہ تحریک یوم آزادی ہند میں علماء کرام کے قائدانہ کردارکو یادکرتے ہوئے سرخیل اسیر مالٹا حضرت شیخ الہند ؒاور شیخ الاسلام حضرت مولانا سیدحسین احمد مدنیؒ ودیگر اکابرین مجاہدین آزادی کی کاوشوں سے لوگوں کوروشناس کرایاگیا۔ اخیر میں اسکول ایڈمنسٹریشن کے ذمہ دار مسٹر محمد سعداللہ نے کہا کہ آج اگرہم کھلی فضاء میں سانس لے رہے ہیں تو یہ ہمارے بزرگوں او راکابرین کی ملک کے لئے پیش کی گئی بے لوث قربانیوں کا نتیجہ ہے، آج کے دن کی اہمیت، تاریخی پس منظرملک کے تئیں ہمارے پروجوں کی قربانیوں کو یادکرنے اور ان کی بے لوث قربانیوں سے نئی نسلوں کو آگاہ ہونے کی ہے،آج ہماراملک ہر ایک شعبہ میں ترقی کررہا ہے اورتیزرفتاری کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے لیکن ایک بات جو ہمارے لئے باعث تشویش ہے وہ آپسی عدم مساوات اور ناخواندگی جیسے مسائل ہیں جسے ختم کرنا اور ایک بہتر مستقبل کی تعمیر ہم سب کی ذمہ داری ہے،ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم موجودہ دورکے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے ایجنڈے کو ترجیح دیں جو ملک کوآگے لے جانے اور اس کی تعمیر وترقی میں معاون ومفید ثابت ہوں۔
قابل ذکرہے کہ ”مدنی پبلک اسکول سنگرام“ایک نوخیز ادارہ ہے اس کے تعلیمی سفرکا یہ تیسراسال ہے، جو ایک درمندانسان اور قوم کے بہی خواہ اور مخلص، جگرگوشہ شیخ الاسلام مولانا سید اسجد مدنی چیئر مین فریڈم فائٹر مولانا سید حسین احمد مدنی ایجوکیشنل ٹرسٹ دیوبندکی تحریک کا نتیجہ ہے۔انہی بزرگوں کی دعاکا ثمرہ ہے کہ یہ ادارہ اتنے کم عرصہ میں علاقہ میں اپنا ایک منفردشناخت بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔آپ لوگوں کا تعاون اور دعائیں شامل حال رہیں تو ان شاء اللہ یہ ادارہ ایک دن تناوردرخت کی شکل اختیارکرے گا۔ پروگرام میں اسکول کے اساتذہ اور بچوں کے والدین اور معززین علاقہ نے بھرپورحصہ لیا اور پروگرام کوکامیاب بنانے میں وہ برابر کے شریک رہے۔دیگر معززین شرکاء میں مولانا انوارحمد قاسمی، سابق مکھیاجناب عبدالرشید، محمد عیسٰی سرپنچ،مولانا زبیراحمدقاسمی رحمن گنج،محمدعارف،محمد امدادالدین،شمشاد،مولانا فیض الرحمن شاہپور،بٹھوخاں،عارف خاں،ماسٹرسراج،محمدنسیم،شرف عالم،اکبرعلی،جناب مصطفی صاحب سکریٹری مدرسہ عارفیہ سنگرام، جناب ماسٹر محمد مرتضیٰ صاحب سابق سکریٹری مدرسہ عارفیہ سنگرام، مولانا ظفراللہ قاسمی، محمد ارشادعالم اور سامعین کی ایک بڑی تعدادموجودتھی۔