عقیدہ ختم نبوت ایمان کا جزء ،دین اسلام کی اساس :مولانا عبد العلیم فاروقی
ممبئی: تحفظ ختم نبوت کا عقیدہ ہر مسلمان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل اور قابل توجہ مسئلہ ہے ،عقیدہ ختم نبوت ایمان کا جزء ،دین اسلام کی اساس اور تاقیامت امت مسلمہ کی شیرازہ بندی اور اتحاد کے لئے اصل بنیاد ہے۔ان خیالات کا اظہارنبیرۂ امام اہلسنت حضرت مولانا عبد العلیم فاروقی ناظم عمومی جمعیۃعلماء ہند نے کوسہ ممبرا میں منعقدہ تحفظ ختم نبوت کے اجلاس عام سے خطاب کے دوران کیا ۔
مولانا عبد العلیم فاروقی نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت ہر مسلمان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل اور قابل توجہ مسئلہ ہے لیکن افسوس کہ دینی معاملات میں لاپرواہی نے ایسے اہم موضوع کو ہمارے ذہنوں سے مٹا دیا ہے۔اس عقیدہ کے تحفظ کیلئے ہونے والی علماء کرام کی مخلصانہ اور سر فروشانہ کوششیں قابل قدر ہیں۔
مولانا فاروقی نے دوران خطاب فرمایا کہ تحفظ ختم نبوت کے عقیدہ پر قرآن کریم ،احادیث مبارکہ اور اجماع امت ناطق ہیں ،اور حضرت محمد ﷺ کو آخری پیغمبر ماننے پر ہی اسلامی شریعت کا مدار ہے،اور یہی عقیدہ مدار نجات ہے اگر یہ عقیدہ مضبوط و مستحکم نہ رہا تو نہ قرآن کریم پر اعتماد باقی رہ سکتا ہے اور نہ احادیث طیبہ کی تشریعی حیثیت برقرار رہ سکتی ہے۔اس لئے ہر مسلمان کے لئے اس عقیدہ کی عظمت و اہمیت دل میں جا گزیں کرنا لازم ہے ،اس کے بغیر ایمان کی تکمیل ہرگز نہیں ہو سکتی ۔
مولانانے اپنے مفصل اور پر مغز خطاب میں فرمایا کہ ’’ تحفظ ختم نبوت ‘‘آج وقت کا ایک سلگتا ہوا موضوع ہے۔شکیل بن حنیف جیسے انسانیت کے نام پر کلنک بد طینت افراد اس امت میں ہمیشہ پیدا ہوتے رہے ہیں،جنہوں نے کبھی نبوت کا جھوٹا دعویٰ کیا اور کبھی مسیحیت و مہدویت کا، اور افسوس کہ امت کے کم پڑھے لکھے لوگ ان کا شکار ہوتے رہے ،اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس تعلق سے لوگوں کو بیدار کیا جائے ،اور موٹی موٹی باتوں سے لوگوں کو آگاہ کیا جائے ۔
مقرر خصوصی مولانا عبد العلیم فاروقی نے حالات حاضرہ میں اس موضوع پر کی جانے والی کانفرنسوں کی اہمیت پر زور دیا اور مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی دور رس فکر کی تائید و توصیف کی ،اس لئے کہ مولانا نے موجودہ حالات میں ہونے والے اجلاسات کو تحفظ ختم نبوت کے عنوان سے منعقد کرنے کی تمام یونٹوں کو ہدایت دی ہے۔
اس موقع پر مفتی حفیظ اللہ حفیظ قاسمی ناظم شعبہ تنظیم و ترقی نے بھی اس موضوع پر ایک مدلل خطاب فرمایا ،جس میں آپ نے تربیت اولاد پر بطور خاص توجہ دلائی کہ بچے جب دین سے اور اس کی تعلیمات سے روشناس ہوں گے تو اتنی آسانی سے کسی شکاری کا شکار نہ ہو سکیں ،یہ پروگرام جمعیۃعلماء کوسہ ممبرا کی فعال یونٹ جس کے ذمہ دارمولانا عبد الوہاب قاسمی اور محترم حسن ساحل کی تگ و دو سے منعقد ہوا،مہمان خصوصی میں مولاناا شتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر،مولانا سفیان احمد قاسمی ،مولانا حبیب الرحمٰن قاسمی اور مولانا سرور احمد قاسمی وغیرہم شریک اجلاس ہوئے ۔حضرت مولانا عبد العلیم فاروقی دامت برکاتہم کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔