جمعیۃعلماء گونڈی کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ ، 450 لوگوں نے کیا استفادہ
ممبئی: صحت اللہ کی بیش قیمتی نعمت ہے،اس نعمت کی قدر و قیمت کا احساس ہمیں اس وقت ہوتا ہے جب ہمیں کوئی عارضہ پیش آجا تا ہے۔اس دار الاسباب میں جب کسی کو کوئی مرض لاحق ہوتا ہے تو وہ سبب کے درجہ میں دوا کا سہارا لیتا ہے۔لیکن اس گرانی اور بے روزگاری کے دور میں جہاں یومیہ ایک بڑی تعداد بھکمری کا شکار ہو کر طرح طرح کے مہلک امراض کا شکار ہورہی ہے ،اس کے لئے دوا و علاج کروانا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن سا ہے۔ایسے نازک وقت میں انسانیت کی بنیاد پرخدمت خلق کرنے والی جمعیۃعلماء کی مضافات ممبئی حلقہ گونڈی کی یونٹ نے ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا ،جس میں علاقہ کے لگ بھگ 450لوگوں نے استفادہ کیا ۔
جمعیۃعلماء اور پیوپل راحت فاؤنڈیشن ،تیرنا ہاسپٹل ،نیرول ویسٹ نوی ممبئی کے اشتراک سے منعقدہ میڈیکل کیمپ میں مختلف قسم کے امراض کا چیک اپ کرکے ان کو دوائیں دی گئیں اور بہت سارے مریضوں کو بہتر علاج کے لئے ہاسپٹل ریفر کیا گیا ،اس میڈیکل کیمپ میں بلڈ پریشر،بلڈ شوگر،ای سی جی،ہارٹ رپلیمسمنٹ،انجیو پلاسٹی،بائی پاس سرجری،کینسر سرجری،آنکھوں کا چیک اپ،ان کنٹرول شوگر کا علاج،ریڑھ کی ہڈی سر جری،گردے کی پتھری کا آپریشن،حجامہ اور فیزیو تھراپی وغیرہ کی سہولیات مہیا کرائی گئی تھیں ۔
اس موقع پر مرکزی اور ریاستی حکومت کی جانب سے دی جانے والی مختلف سہولیات(اسکیموں) سے لوگوں کو آگاہ کیا گیا ۔
میڈیکل کیمپ میں مہمان خصوصی کے طور پر مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر،مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر ،مولانا زبیر احمد قاسمی صدر جمعیۃعلماء پوئی ،مولانا حبیب الرحمٰن قاسمی ،سینئر پولس اہلکار حسین جاٹ گر صاحب (کرائم برانچ) اور علاقہ کی مشہور شخصیات نے شرکت کی ،جس میں عرفان خان صاحب ،غیاث الدین صاحب ،رخسانہ صدیقی نگر سیوک،بلیٹ پاٹل صاحب ،الطاف قاضی صاحب ڈائرکٹر کوکن مرکنٹائل کواپریٹیو بینک قابل ذکر ہیں ۔
اس اہم پروگرام میں ڈاکٹر توفیق صاحب،ڈاکٹر معروف صاحب ،جناب مسرور صاحب،جناب جاوید خان صاحب،جناب احمد بھائی ،جناب نوشاد عالم خان صاحب ،جناب احمد صاحب کا اہم کردار رہا ،جن کی محنتوں سے یہ میڈیکل کیمپ کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔
مقامی جمعیۃعلماء کی جانب سے مولانا محسن خان صاحب صدر جمعیۃعلماء گونڈی ،مولانا صدر عالم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء گونڈی اور تمام ممبران نے سب کا شکریہ ادا کیا ، بالخصوص سینئر جرنلسٹ جمیل خان ہر پل نیوز کا جنہوں نے شروع سے آخر تک پروگرام میں شامل رہ کر میڈیا میں بہترین کوریج دیا ۔