لکھنؤ : بزم اردو ( دبئی ) اور لکھنؤ مشہور و معروف بین الاقوامی کھلاڑی و بزنس مین سید رفعت نے مل کر ایک لائحہ عمل تیار کیا ہے جس کے تحت اردو بولنے والے ہندوستانی اگر کسی بھی ملک میں خاص طور پر یو اے ای میں ہوں تو انہیں اردو کے پروگراموں کے ذریعہ اردو کا سمندر کہے جانے والے شہر لکھنؤ سے جوڑا جائے ۔ پریس کانفرنس میں بولتے ہوئے بزم اردو ( دبئی ) کے بانی و سکریٹری ریحان خان نے بتایا کہ میری خوش قسمتی ہیکہ ایک پروگرام کے دوران سید رفعت سے میری ملاقات دبئی میں ہوئی اور سید رفعت نے میری کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بزم اردو ( دبئی ) کے ذریعہ لکھا و ہدایت کاری کیا گیا میوزیکل ناٹک ’’ بالی وڈ کی کہانی : اردو کی زبانی ‘‘ کا اسٹیج شو لکھنؤ میں منعقد کرنے کیلئے مدعو کیا ۔ سید رفعت نے بتایا کہ ریحان خان کے ذریعہ اردو کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے جو اہم کوششیں کی جا رہی ہیں میں ان تمام سے کافی متاثر ہوا اور میرے ذہن میں یہ تجویز آئی کہ کیوں نہ اردو بولنے والے لوگوں کو اردو زبان کے حوالے سے انہیں شہر ادب لکھنؤ سے جوڑا جائے اور دبئی لکھنؤ کے درمیان ایک ایسا مضبوط تعلق قائم ہو جس سے اردو کی مضبوط دیرپا ترقی و ترویج ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ بزم اردو ( دبئی ) کے ساتھ مل کر ایک بڑی اسکیم تیار کی ہے جس کے مطابق آنے والے دنوں میں ملک کے تمام صوبوں اور جزیرۃ العرب کے تمام ممالک میں اردو پروگراموں کا انعقاد ، اردو ڈراموں کا اسٹیج شو اور اردو سے متعلق کوئز کمپٹیشن ہوں گی ۔ دبئی و دیگر عرب ممالک میں رہنے والے ہندوستانیوں کو ان پروگراموں سے جوڑا جائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ اترپردیش اردو اکادمی کی چیئر پرسن پدم شری پروفیسر آصفہ زمانی و سکریٹری ایس رضوان نے انہیں اس کام کیلئے ہر طرح سے تعاون دینے کی امید دلائی ہے ۔ پروگرام کے متعلق بولتے ہوئے ریحان خان نے بتایا کہ پروگرام میں اردو زبان کا بالی وڈ میں اہم کردار دکھاتے ہوئے پرانے گیتوں اور نغموں کے ساتھ ساتھ نئے نغموں کو خوبصورتی سے معروف فنکار شہباز خان کی سرپرستی میں کئی بالی وڈ گیت کاروں کے ذریعہ پیش کیا جائے گا جو کہ سامعین پر ایک گہرا اثر چھوڑے گا ۔ سید رفعت نے کہا کہ دبئی میں مذکورہ پروگرام کو ایک نشست میں میں نے دو گھنٹے تک دیکھتا رہا جتنی خوبصورتی سے پروگرام پیش کیا گیا اس سے قبل میں نے کبھی کہیں نہیں دیکھا ۔ پریس ریلیز میں بزم اردو ( دبئی )کے اراکین اور ڈرامہ سے منسلک لکھنؤ کے لوگ بھی موجود تھے ۔ لکھنؤ میں اس ڈرامہ کو ایس۔ این ۔ لال کوآرڈنیٹ کر رہے ہیں اور اس ڈرامہ کو نارتھ انڈیا جنرلسٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن منعقد کرا رہی ہے ۔