یوم جمہوریہ کے موقع پر مدنی پبلک اسکول سنگرام میں ثقافتی پروگرام کا انعقاد
مدھوبنی(سنگرام) 26؍جنوری
مدھوبنی بہار کے مشہور تعلیمی وتربیتی مرکز’’مدنی پبلک اسکول سنگرام‘‘ میں نہایت تزک واحتشام کے ساتھ آج جشن جمہوریہ کا انعقادہوا ۔پروگرام کاآغاز اسکول کے بچوں کے ذریعہ گاؤں میں مارچ پاسٹ سے ہوا بعدازاں اسکول ایڈمنسٹریشن کے ذمہ دار مسٹرمحمد سعداللہ نے اسکول کے ٹیچرس ، معززین علاقہ اور بچوں کی موجودگی میں رسم پرچم کشائی انجام دی ۔قومی ترانہ کے بعد یوم جمہوریہ کی اہمیت اورمجاہدین آزادی کی مناسبت سے بچوں نے اردو ،ہندی میں تقریریں کیں ،ثقافتی وکلچرل پروگرام بھی پیش کیاگیا۔ اس کے علاوہ تحریک آزادی کے سرخیل اسیر مالٹا حضرت شیخ الہند ؒ اور شیخ الاسلام حضرت مولانا سیدحسین احمد مدنیؒ ودیگر اکابرین مجاہدین آزادی کے کاوشوں سے لوگوں کوروشناس کرایاگیا۔ بچوں نے جمہوریت اور آج کے دن کی اہمیت کو اجاگرتے ہوئے پروگرام کے حاضرین کو یہ پیغام دیا کہ آج کے دن کی اہمیت ہمارے لئے بایں معنی بے حد خاص ہے کہ یہی وہ دن ہے جو آزادی اورجمہوریت کی حقیقی روح کی نمائندگی کرتاہے اورہماری آزادی رائے کوبھی تحفظ فراہم کرتاہے ۔ جزبہ حب الوطنی سے سرشار نونہالوں کے اس رنگارنگ پروگرام کی ہر ایک نے جم کر تعریف کی اور کامیاب پروگرام کے لئے ایڈمنسٹریشن اوراساتذہ کی محنت اور لگن کو بھی خوب سراہا ۔
پروگرام کے اخیر میں ایڈمسٹریشن کے ذمہ دار مسٹر سعداللہ نے اپنی مختصر تقریر میں کہا کہ آج کا دن جو ہمیں ملا ہے، وہ ہمارے بزرگوں اور مجاہدین آزای کی بے لوث محنت وقربانی کا نتیجہ ہے ،آئین ساز کے ذریعہ ہمیں ایک ایسا جمہوری نظام دیاگیاہے جوملک میں بسنے والے ہرایک شخص کو اس کے مذہب ، طور طریقہ اور رسم ورواج کو بغیر کسی بھیدبھاؤکے اپنانے کی پوری پوری آزادی دیتاہے۔ آج کے دن کوملک میں یوم عہد کے طورپربھی منایاجاتاہے، ہم میں سے ہر ایک شخص آج کے دن کو یادکرکے اپنے آپ سے یہ وعدہ کرتا ہے کہ کسی طور ہم اپنے اس عظیم دستوراورآئین پر آنچ نہیں آنے دیں گے ،اس کی حرمت کی پوری پوری حفاظت کریں گے ۔
مسٹر سعداللہ نے کہاکہ ہمیں یہ عہد کرناچاہئے کہ ہماراملک آج کئی طرح کے مسائل سے دوچارہے ، یہ ہمارے لئے سوچنے کامقام ہے ،ہمارے بزرگوں نے کڑی محنت اور لگن سے اس ملک کی گنگاجمنی تہذیب اورجمہوری کردارکا تحفظ کیا ہے،ہماراملک اس وقت تمام شعبوں میں تیزرفتاری کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے لیکن ہمارے سامنے عدم مساوات ، بے روزگاری ، پسماندگی اور ناخواندگی جیسے مسائل کھڑے ہیں ، اس لئے ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم موجودہ دورکے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایسے ایجنڈے کو ترجیح دیں جو ملک کوآگے لے جانے اور اس کی تعمیر وترقی میں معاون ومفید ثابت ہوں ۔
پروگرام میں اسکول کے اساتذہ اور بچوں کے والدین اور معززین علاقہ نے بھرپورحصہ لیا اور پروگرام کوکامیاب بنانے میں وہ برابر کے شریک رہے ۔دیگر معززین شرکاء میں مولانا انوارحمد قاسمی ، ڈاکٹر منظوربیرما، جناب پرمودکمار مہتو، رتیش کمار رائے وغیرہ شامل پروگرام رہے ۔