بچوں کیساتھ بچیوں کی تعلیم کیلئے اردو ایجوکیشن بورڈ کی خدمات لائق ستائش
اردو ایجوکیشن بورڈ کی آل انڈیا میٹ :’بھارت میں فاصلاتی نظام تعلیم کا کردار‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں فیروز بخت احمد کا خطاب
نئی دہلی : اردو ایجوکیشن بورڈ کی آل انڈیا میٹ :’بھارت میں فاصلاتی نظام تعلیم کا کردار‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے چانسلر فیروز بخت احمد نے اردو ایجوکیشن بورڈ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح سے ارد و ایجوکیشن بورڈ نے سماج کے غریب اور مزدو لوگوں تک ایجوکیشن پہونچانے کا کام کیا ہے وہ یقیناً قابل ستائش ہے ۔ فیروز بخت احمد نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بچوں کیساتھ بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے اور مجھے خوشی ہے کہ اردو ایجوکیشن بورڈ اس سمت میں غیرمعمولی کردار ادا کررہا ہے۔انہوںنے کہاکہ ان کی کوشش ہوگی کہ اردو ایجوکیشن بورڈ کے ساتھ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی بھی تعاون کرے ۔انہوں نے بورڈ کی چیئر پرسن پروفیسر سیما حسن کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ سیما حسن نے جس طرح سے پوریے ملک میں تعلیم کی ایک نئی شمع روشن کی ہے وہ خوش آئند ہے۔ انہوںنے اردو ایجوکیشن بورڈ کی نئی پیش رفت اور اس کی آن لائن ویب سائٹـ مولانا آزاد انٹر نیشنل اوپن اینڈ آن لائن لرننگ انسٹی ٹیوٹ ـ‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ اس کورس نے فاصلاتی نظام تعلیم کی اہمیت میں چار چاند لگا دیا ہے۔
انہوںنے کہاکہ اس طرح کے آن لائن کورسیز سے بچوں کو ووکیشنل کورسیز میں آنے کا موقع ملے گا اور انہیں روز گار کے نئے نئے مواقع میسر ہوںگے۔ انہوںنے کہا کہ بھاگ دوڑ بھری زندگی میں اس طرح کے کورسیز کی انتہائی اہمیت ہے جس سے بچوں کو روز مل سکے ۔ اس موقع پر اردو ایجوکیشن بورڈ کے بانی رکن اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرا ر پروفیسر حافظ جاوید اختر نے اپنے استقبالیہ خطبہ میں اردو ایجوکیشن بورڈ کی خدمات اور اس کی حصولیابیوں اور چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہاکہ اردوایجوکیشن بورڈ نے کم وبیش آٹھ سال کی قلیل مدت میں کئی اہم سنگ میل طے کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خوشی اس بات کی ہے کہ دہلی سرکار سے لے کر مرکزی سرکار اور کئی ریاستی بورڈ ، یونیورسٹیز اور اداروں نے اردو بورڈ کی سروسیز کو تسلیم کرتے ہوئے اس کو منظوری بھی عطا کی ہے، جس میں مہاراشٹر ، ناگپور ، بھوپال اور بہار بہ طور خاص قابل ذکر ہیں ۔پروفیسر جاوید اختر نے بتایاکہ دنیا کی مشہور ترین یونیورسٹی کیلیفورنیا یونیورسٹی نے بھی اردو ایجوکیشن بورڈ کی سرویسز کو تسلیم کرتے ہوئے اسے منظوری عطا کی ہے جو ہمارے لئے باعث افتخار ہے ۔ اس موقع پر این ڈی ٹی وی کے نامور اینکر شارق خان نے والدین سے بچوں کو پڑھانے کی اپیل کی جبکہ وطن سماچار کے ایڈیٹر محمد احمد، اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی سے پروفیسر جاوید فاروقی، این آئی او ایس سے اسسٹنٹ پروفیسر شعیب رضا، محمد یوسف چیئرمین ہریالی گروپ اور اینکر نوری کائنات سمیت کئی اہم اور نامور لوگوں نے خطاب کیا ۔