سعودی عرب میں ’حدیث نبوی کمپلیکس‘ کے قیام کا فیصلہ
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے’خادم الحرمین الشریفین کمپلیکس برائے حدیث نبوی‘ کے نام سے ایک نیا ادارہ قائم کرنے کا حکم دیا ہے، جس میں احادیث نبوی پر جامع انداز میں کام کیا جائے گا۔
حدیث نبوی کمپلیکس چیدہ چیدہ علماء حدیث پر مشتمل ہو گا۔ ادارے کو چلانے کے لیے علماء کونسل قائم کی جائے گی اور ممتاز شیوخ الحدیث اس کے رکن ہوں گے۔ اس کے چیئرمین اور ارکان کا تقرر براہ راست مملکت کے فرمانروا کی طرف سے کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پرسعودی علماء کونسل کے رکن الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ کو علمی کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں شاہ سلمان کی جانب سے جاری کردہ شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ احادیث اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا اہل اسلام کے نزدیک غیر معمولی مقام و مرتبہ ہے۔ قرآن کریم کے بعد احادیث نبوی اسلا کا دوسرا ماخذ ہے۔
سعودی عرب ملک میں اسلامی شرعی اصولوں پر عمل درآمد کے لیے احادیث نبوی کی تصنیف، تحقیق اور ان کے مطالعے کا ایک جامع پروگرام شروع کررہی ہے تاکہ عوام الناس اور علمی حلقوں کو احادیث اور فرمودات نبوی سے مستفید ہونے کا نیا موقع فراہم کیا جاسکے۔
کمپلیکس کے لیے ’خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کمپلیکس برائے حدیث نبوی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ادارہ مدینہ منورہ میں قائم کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام کو حدیث نبوی کمپلیکس کے قیام کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔