اہل خیر سیلاب متاثرین کا دل کھول کر تعاون کریں: مولانا حلیم اللہ قاسمی
جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے بہار سیلاب متاثرین کی بازآباد کاری کے لئے سروے جاری
ممبئی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے صوبہ مہاراشٹر میں جمعیۃ علماء کی تمام اکائیوں نے منظم انداز میں بہار سیلاب متاثرین کے لئے راحت رسانی اور ریلیف کاکام سرگرمی کے ساتھ جاری رکھا ہے ۔
مولانا سید ارشد مدنی کی ایماء پر مرکز سے ایک وفد متاثرہ علاقوں کا سروے کر رہا ہے ،رپورٹ آتے ہی جمعیۃ علماء ہند کی سرکردگی میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر ان کی باز آباد کاری میں حصہ لے گی۔
انسانی ہمدردی کی بنیاد پر متاثرین کی منصوبہ بند راحت رسانی وبازآبادکاری کی ضرورت کے پیش نظر اور جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی اپیل پر جمعیۃ علماء ضلع ناگپور (ارشد مدنی) کے چاررکنی وفد نے صوبائی د فتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ حاضر ہوکر اپنے ضلع سے جمع شدہ رقم دفتر جمع کرائی ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹرنے بتایا کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر اورضلع ناگپور کے صدر مولانا حافظ مسعود حسامی صاحب اپنے احباب محمد شریف خازن جمعیۃ علماء ضلع ناگپور،محمد مشتاق انصاری رکن عاملہ جمعیۃعلماء ضلع ناگپور اورمحمد مختارسکریٹری جمعیۃعلماء کامٹی کے ساتھ ریاستی دفتر پہونچے اور جمعیۃ علماء کے ریاستی ذمہ دارن سے ملاقات کرکے ناگپور اور کامٹی سے جمع ہوئی رقم مبلغ 4,39,438/-روپئے (ناگپور سے مبلغ 3,69,438/-اور کامٹی سے 70,000/-روپئے)متاثرین کی باز آباد کاری کیلئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر میں جمع کرائی ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ دنوں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر میں ممبئی ،تھانے اور پالگھر کی تمام مقامی یونٹوں کے ذمہ داروں کی ایک ہنگامی میٹنگ بلائی گئی تھی،جس میں بہار کی موجودہ صورت حال، وہاں کی تباہی وبربادی اورباز آباد کاری کے امکانات پر غور و خوض کیا گیا ۔اور جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا سید ارشد مدنی کی جانب سے جاری ہدایت کی روشنی میں باز آباد کاری کے لئے وسائل اور فنڈ جمع کرنے کی اپیل کی گئی ۔
مولانا نے مزید کہا کہ مرکز کی جانب سے حضرت مولانا سید اسجد مدنی رکن عاملہ جمعیۃ علماء ہند کی قیادت میں ایک وفد نبیرہ شیخ الاسلام مولانا سید حسن اسجد مدنی،قاری معین الدین قاسمی (صدر جمعیۃ علماء بہار)مفتی شہاب الدین قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ) اور صوبہ بہارکے مختلف اضلاع کے ذمہ داران پر مشتمل متاثرہ مقامات کا سروے کر رہا ہے ۔
مولانا نے ریاست کی ضلعی ،شہری اور مقامی یونٹوں کے ذمہ داران ،اصحاب خیر اورائمہ مساجد سے اس کار خیر میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔